سندھ پولیس میں بھرتیوں کیلئے جعلی ڈومیسائل جمع کرانے کا انکشاف
جعلی دستاویزات جمع کرانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ، 7 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج
سندھ پولیس میں بھرتیوں کیلئے جعلی ڈومیسائل جمع کرانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد سندھ پولیس نے جعلی دستاویزات جمع کرانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی اسپیشل سکیورٹی یونٹ نے سینٹرل پولیس آفس میں ایک خط ارسال کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ سندھ پولیس کی حالیہ بھرتیوں میں جعلی ڈومیسائل جمع کرانے کا انکشاف ہوا ہے، ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈائون کریں تاکہ انہیں سخت سزا مل سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشل سیکورٹی یونٹ کے ڈی ایس پی اقبال اعوان نے جعلی دستاویزات جمع کرانے والے 7 امیدواروں کیخلاف عزیز بھٹی تھانے میں مقدمہ بھی درج کرایا ہے جس میں دھوکہ دہی کے تحت جعلسازی کرنے کی دفعات شامل ہیں۔
مقدمے میں امیدواروں کی تمام تفیصلات درج کی گئی ہیں، جعلسازی کرنے والے امیدواروں میں وقاص، اختر علی، اکبر، نعیم، نبیل، عشرت اور شہزاد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 7 امیدواروں نے ڈومیسائل جمع کروائے تھے، امیدواروں کا ڈیٹا ڈی سی آفس میں موجود نہیں جس کے بعد ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے، مقدمے میں نامزد ملزمان کے شناختی کارڈ اور دیگر تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔