طالب علم کے مذاق نے 6 بچوں کو اسپتال منتقل اور اسکول بند کروادیا
واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کے کینی کریک ہائی اسکول میں پیش آیا
امریکا میں ایک ہائی اسکول کے طالب علم نے پرینک کرتے ہوئے اسکول میں بدبودار اسپرے کردیا جس سے 8 بچوں کی حالت خراب اور 6 بچوں کو اسپتال میں داخل ہونا پڑا جبکہ اسکول کی انتظامیہ نے فوری طور پر اسکول بند کروادیا۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق مذکورہ بالا واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کے کینی کریک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں طالب علم نے مذاق کے طور پر fart spray لاکر اسکول میں بدبو پھیلادی۔ مقامی سیکورٹی حکام نے بتایا کہ طالب علم نے اس گندے مذاق کا اعتراف بھی کیا۔
بدبو کے پھیلنے پر تمام طلباء کا تیزی سے عمارت سے انخلاء کیا گیا جبکہ فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ نے موقع پر پہنچ کر گیس لیکیج کیلئے اسکول کی پوری عمارت چھان ڈالی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ ایک دن بعد اسکول میں بدبو کی بدستور موجودگی کے باوجود طلباء کو کلاس میں واپس آنے کا کہا گیا تاہم اس دن مبینہ طور پر 6 طلبا کو بدبو سے شدید سر میں درد ہونے کی وجہ سے اسپتال داخل کرایا گیا جبکہ آٹھ دیگر طلبا کی طبعیت خراب ہوئی۔
تاہم تحقیقات میں پتہ چلا اسکول میں فارٹ اسپرے کا استعمال کیا گیا جس کا ایک طالب علم نے اعتراف بھی کیا۔ طالب علم نے یہ حرکت محض ایک مذاق کے طور پر کی تھی۔