متنازع بیان بابراعظم اوپنر امام الحق کے دفاع میں سامنے آ گئے

اوپنر کی ٹوئٹ کا میچ سے تعلق نہیں لگتا، ٹیم میں ناراضگی نہیں ہوتی،بابراعظم

اگر کوئی بات ہوجائے تو کوشش کرتے ہیں ہم تک ہی رہے باہر نہ جائے۔ فوٹو: پی سی بی

پاکستانی کپتان متنازع بیانات پر اوپنر امام الحق کے دفاع میں سامنے آ گئے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل سے قبل امام الحق نے ذو معنی ٹوئٹ کی جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی تھی، اوپنر نے لکھا تھا کہ'' زندگی ایک غیر متوقع سفر ہے، اس لیے کسی سے کچھ امید نہ رکھیں صبر کریں، اللہ دیکھ رہا ہے''۔

اس سے قبل امام الحق نے میڈیا کانفرنس میں ساتھی کھلاڑیوں کے بارے میں بات کی اور ورلڈکپ سے قبل مزید تجربات نہ کرنے کا کہا تھا۔ ان کے اس بیان کو بابر اعظم کے کام میں مداخلت قرار دیا گیا۔


یہ بھی پڑھیں: پانچویں ون ڈے سے ڈراپ ہونے پر دلبرداشتہ امام الحق نے ٹوئٹ داغ دی

کرکٹ حلقوں کا کہنا تھا کہ امام الحق کو متنازع بیان کی وجہ سے نہیں کھلایا جارہا، اتوار کو نیوزی لینڈ سے سیریز کے اختتام پر امام الحق کی ٹوئٹ سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم، میں نے موبائل نہیں دیکھا کہ انھوں نے ٹوئٹ کی ہی یا نہیں،میں اسے دیکھوں گا۔

انھوں نے کہا کہ ہماری اس ٹیم میں ناراضگی نہیں ہوتی، سب متحد اور تمام کھلاڑی ایک فیملی کی طرح ہیں، سب ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں، فیملی میں اگر کوئی بات ہوجائے تو ہم کوشش کرتے ہیں کہ وہ بات ہم تک رہے، باہر نہ جائے، لڑکے ایسی حرکت کرتے بھی نہیں ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ امام الحق کی ٹوئٹ کا میچ سے کوئی تعلق ہے، ٹیم بھرپور متحد اور کھلاڑیوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل میڈیا کانفرنس میں محمد رضوان نے بھی اپنے بیٹنگ نمبر سے ناخوش ہونے کا انکشاف کیا تھا۔
Load Next Story