اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری میں 4 بچوں سمیت 13 فلسطینی شہید

شہید ہونے والوں میں اسلامی جہاد کے 3 کمانڈرز بھی شامل ہیں


ویب ڈیسک May 09, 2023
شہید ہونے والوں میں اسلامی جہاد کے 3 رہنما بھی شامل ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

اسرائیلی طیاروں کی غزہ اور رفاہ پر بمباری کے نتیجے میں 13 فلسطینی شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے غزہ اور رفاہ کے علاقے لرز اٹھے، فضائی حملوں کے نتیجے میں 13 فلسطینی شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی طیاروں نے دونوں شہروں میں رہائشی عمارتوں پر حملہ کیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں میں فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک نے اعلان کیا ہے کہ اس کے تین رہنما فضائی حملوں میں شہید ہو گئے، ہلاک ہونے والوں کی شناخت سینئر کمانڈر جہاد الغنام، خلیل البہطینی، طارق عزالدین کے نام سے ہوئی ہے جب کہ تینوں رہنماؤں کی بیویاں اور کچھ بچے بھی شہید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کے ایک گھر پر حملے میں 3 فلسطینی نوجوان شہید؛ 2 زخمی

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک دھماکہ غزہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت کی اوپری منزل اور جنوبی شہر رفاہ میں ایک مکان پر ہوا۔

واضح رہے کہ غزہ پر تازہ ترین حملے ایک ہفتے کے بعد ہوئے، جب اسرائیلی میزائلوں نے گنجان آباد پٹی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں معروف فلسطینی بھوک ہڑتالی خدر عدنان کی اسرائیلی جیل میں موت کے بعد اسرائیل کی طرف راکٹ داغے گئے تھے۔

مسلح فلسطینی دھڑوں نے اسرائیلی بمباری کے جواب میں مزید راکٹ داغے، جس سے غزہ کے السفینہ، البیدر اور الزیتون کے قریبی علاقوں سمیت متعدد علاقوں کو نقصان پہنچا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں