ڈالر کی اڑان جاری اوپن مارکیٹ میں 290 روپے کا ہوگیا

انٹربینک میں ڈالر کی قدر 99 پیسے کے اضافے سے 284.84روپے کی سطح پر بند ہوئی


Ehtisham Mufti May 09, 2023
فوٹو: فائل

آئی ایم ایف پیکیج میں تاخیر سے نادہندگی کے خدشات، سیاسی افق پر بڑھتی ہوئی غیریقینی سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی اڑان برقرار رہی جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 290روپے کی سطح پرآگئے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیر اور عالمی بینک کی جانب سے مطلوبہ فنڈ کے اجرا کو آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے مشروط کیے جانے اور غیریقینی معاشی حالات کے باعث منگل کو کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی پرواز جاری رہی۔

ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک روپے 13 پیسے کے اضافے سے 284روپے 98 پیسے کی سطح پر بھی پہنچ گئے تھے، تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر 99 پیسے کے اضافے سے 284.84 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر یکدم 2 روپے کے اضافے سے 290 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف جون تک 3.5 ارب ڈالر کے ایکسٹرنل فنانس گیپ کے خاتمے کا مطالبہ کررہا ہے جس کا انتظام نہ ہونے سے مالیاتی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں تاخیر سے نادہندگی کے بادل بھی منڈلارہے ہیں اور یہ عوامل روپے کی تاریخ ساز تنزلی کا باعث بن رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں