خواتین کو جنسی ہراساں اور بلیک میل کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

گینگ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ترجمان ایف آئی اے

ملزم عمر گجر کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے (فوٹو: ایکسپریس)

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے خواتین کو جنسی ہراساں اور بلیک میل کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے، سائبرکرائم سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران جنسی ہراسگی میں ملوث گینگ کے سرغنہ کو فیصل آباد سے گرفتارکیا، ملزم عمر گجر اور اس کے ساتھی خواتین کی قابل اعتراض ویڈیوز وائرل کرنے میں ملوث ہیں۔

گینگ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے لاہور اور فیصل آباد میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزم اسنیک ویڈیو ایپ کے ذریعے خاتون کی قابل اعتراض ویڈیوز حاصل کر کے بلیک میل کرتے تھے، ملزم نے متاثرہ خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز شیئرز بھی کیں۔

ملزم قابل اعتراض ویڈیوز کے ذریعے متاثرہ خاتون کو بلیک کرتے ہوئے اس سے مزید ویڈیوز کا تقاضہ بھی کر رہا تھا، ملزم نے متاثرہ خاتون کو ویڈیوز گھر والوں کو بھیجنے کی بھی دھمکیاں دی تھیں، ملزمان نے ویڈیوز وائرل کرنے کے لیے متعدد اکاؤنٹس بنائے ہوئے تھے۔


ملزم کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست متاثرہ خاتون کے بھائی کی جانب سے دی گئی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے موبائل سے قابل اعتراض مواد برآمد ہوا ہے اور اسنیک ویڈیو اکاؤنٹس تک بھی رسائی حاصل کرلی گئی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 
Load Next Story