لاہور بار ایسوسی ایشن کا عمران خان کی گرفتاری کیخلاف ہڑتال کا اعلان

حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، رانا انتظار

فوٹو: فائل

لاہور بار ایوسی ایشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کیخلاف ہڑتال کی کال دے دی۔

صدر لاہور بار رانا انتظار کا کہنا ہے کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے اور ہر صورت اپنے سیاسی حریفوں کو زیر کرنا چاہتی ہے۔

رانا انتظار نے کہا کہ یہ صورتحال ملک میں امن و امان خراب کر رہی ہے، عمران خان کی گرفتاری اور عدالت کے تقدس پامالی کی مزمت کرتے ہیں۔


دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشیاق چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی احاطہ عدالت سے گرفتاری عدلیہ کی توہین اور آرٹیکل 10 اے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، عمران خان کو اگر گرفتار کرنا تھا تو قانونی طریقہ اختیار کرنا چاہئے تھا۔

اشتیاق اے چوہدری نے کہا کہ ماضی میں اسی طرح سپریم کورٹ کے باہر سے نیب نے شیخ عرفان کو گرفتار کیا تھا جنہیں سپریم کورٹ نے فوری رہا کرکے سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا کہ ضمانت کے لیے آئے کسی بھی ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار نہیں کیا جا سکتا، لاہور ہائیکورٹ اس طرح گرفتاری کی مذمت کرتی ہے۔
Load Next Story