عمران خان نے گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

عمران خان فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرسکتے تھے، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس


ویب ڈیسک May 10, 2023
چئیرمین نیب کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری غیرقانونی ہیں، عمران خان کا موقف:فوٹو:سوشل میڈیا

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے گرفتاری کو درست قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے جبکہ فیصلہ تضادات سے بھرپور ہے۔ عدالت عمران خان کو غیر قانونی حراست سے نکالنے میں ناکام رہی۔ سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کے نوٹس بھی جاری کیے گئے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا، 14 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چئیرمین نیب کے جاری کیے گئے وارنٹ غیر قانونی ہیں۔ انکوائری کو تحقیقات میں بدلنے کے بعد نیب نے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔ جس 190 ملین کی کرپشن کا الزام ہے وہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں جمع کروائے جا چکے ہیں حکومت جب چاہے 190 ملین کہیں بھی منتقل کرسکتی ہے۔درخواست کے مطابق عمران خان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عدالتی حدود سے گرفتاری کیخلاف سپریم کورٹ کے متعدد فیصلے موجود ہیں۔

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرتے ہوئے ہوئے درخواست واپس کردی۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا کہ عمران خان ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرسکتے تھے۔ عمران خان نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔عمران خان کی درخواست کے ساتھ لگائی گئی دستا ویزات مکمل نہیں اور نہ ہی وکالت نامہ دستخط شدہ ہے۔

بعدازاں درخواست پر اعتراضات دور کر دیے گئے اور رجسٹرار آفس نے عمران خان کی اپیل کو نمبر 641/2023 الاٹ کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں