مذاکرات ناکام ہوئے توادارے آپریشن کیلیے تیارہیںاسحق ڈار

فوج اورحکومت ایک ہی پیج پرہیں،بجٹ میں تنخواہیں بڑھانے کااعلان کیاجائیگا

فوج اورحکومت ایک ہی پیج پرہیں،بجٹ میں تنخواہیں بڑھانے کااعلان کیاجائیگا،وزیرخزانہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت ایک ہی پیج پر ہیں دونوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے ۔


مذاکرات ناکام ہوئے تو ہمارے ادارے آپریشن کے لیے تیار ہیں ۔پاکستان معاشی دلدل میں پھنس چکاتھا ہم نے پچھلے10 ماہ میں فائر فائٹنگ کرکے اس کو نکال لیا ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 30 ستمبر سے پہلے 15 بلین ڈالرز تک پہنچ جائینگے۔ایکسپریس نیو زکے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے اور ہم صاف نیت کے ساتھ ملک اور قوم کی خدمت کررہے ہیں۔حکومت اور فوج مذاکرات کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں میرا نہیں خیال کہ فوج کا کسی انفرادی شخصیت پر کوئی اعتراض ہو ۔ خواجہ آصف اپنے بیانات کے حوالے سے وضاحت کرچکے ہیں۔

ہم نے مذاکرات کو بہت سنجیدہ موقع دیا ہے ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے اگر خدانخواستہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے یا کوئی ڈیڈ لاک ہوتا ہے تو پھر ہمارے ادارے بھی آپریشن کیلیے تیار ہیں ۔انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر 30 ستمبر سے پہلے 15بلین ہوجائیںگے ،ہم نے یوروبانڈز کا اجراکیا ہے کیونکہ عالمی سرمایہ کار کو گارنٹی درکارہوتی ہے اورہماری عالمی ریٹنگ بھی کم ہے۔ڈالر کی قیمت کم ہونے سے پاکستان کے آٹھ سو ارب روپے قرض کم ہوئے ہیں ۔پہلے ہم 108 اور 109 روپے کا ڈالر خرید کر قرض کی قسط ادا کرتے تھے اب ہم 98 روپے کا ڈالر خرید کر قسط اداکرینگے ۔ڈالر کی قیمت میں کمی سے اشیاکی قیمتوں میں پانچ فی صد کمی ہوئی ہے ۔اسحق ڈار نے کہا کہ اس مرتبہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا جائیگا یہ اضافہ کتنا ہوگا ابھی کچھ نہیں بتا سکتا۔
Load Next Story