اسرائیل کی غزہ پر بمباری اور پناہ گزین کیمپوں پر حملے مزید 4 نوجوان شہید

رواں ہفتے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 20 سے تجاوز کرگئی

فلسطین میں رواں ہفتے شہید ہونے والوں کی تعداد 20 سے تجاوز کرگئی؛ فوٹو: فائل

اسرائیل نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر آج پھر بمباری کی جب کہ پناہ گزین کیمپوں پر حملے کیے جس میں شہید ہونے والوں کی تعداد 4 ہوگئی جب کہ رواں ہفتے اسرائیل کے فضائی حملوں میں شہدا کی تعداد 20 سے تجاوز کرگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر حملے کیے جس کے دوران ہونے والی جھڑپ میں 2 فلسطینی نوجوان شہید اور 5 سے زائد زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں کئی عمارتوں پر بمباری کی جس میں ایک نوجوان شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ اس طرح آج شہادتوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی۔


تازہ ترین اپ ڈیٹ میں، غزہ میں وزارت صحت نے کہا ہے کہ جاری اسرائیلی جارحیت میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اب 15 ہے، مزید 22 زخمی ہیں، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب رواں ہفتے اسرائیلی فضائی حملوں سے اب تک 156 مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی قابض حکام نے غزہ کے محاصرے کو مزید توسیع دیتے ہوئے شمال میں بیت حنون کراسنگ اور تجارتی سامان کے لیے استعمال ہونے والی کرم ابو سالم کراسنگ کو بند کردیا ہے جس کے باعث غزہ میں پہلے کے مقابلے میں شہریوں کیلئے حالات مزید سخت ہوگئے ہیں۔


اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے علاقے سے ان کی سرزمین پر راکٹ داغے گئے جو میدانی علاقے میں گرے اور آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جوابی کارروائی میں فلسطینی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

یاد رہے کہ منگل کے روز ہونے والی اسرائیلی فوج کی بمباری میں اسلامی جہاد کے 3 کمانڈرز سمیت 15 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے تھے جب کہ رواں برس شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی۔
Load Next Story