ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے کہا ہے کہ ایران سلامتی کے فروغ کیلئے شام کو اپنے جدید ترین دفاعی ہتھیار فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اشتیانی نے اپنے شامی ہم منصب علی محمود عباس سے ملاقات کے دوران کہا کہ مختلف شعبوں میں شام کی بحالی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت دفاع اور مسلح افواج شامی فوج کی صلاحیتوں اور انہیں جدید ترین جنگی ہتھیاروں سے لیس کرنے کیلئے تیار ہے۔
اشتیانی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران شام کے ساتھ صنعتوں کی تعمیر اور اسٹریٹجک دفاعی ہتھیاروں کی تیاری شروع کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ کثیر المقاصد دفاعی ڈھانچہ تشکیل، جمہوریہ کی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط اور شامی عوام کی سلامتی کو فروغ دیا جا سکے.
اسی طرح ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری نے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے وسیع تجربے کو سلطنت عمان سمیت دیگر بھائیوں کے ساتھ بھی بانٹنے کے لیے بھی تیار ہے۔