عمران خان کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو ملک ٹوٹ جائے گاایم کیو ایم پاکستان
تحریک انصاف نےاحتجاج کا رخ قومی سلامتی کے اداروں کی جانب موڑ کر ملک دشمنی کی ہے، رہنماؤں کی پریس کانفرنس
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے کہ جب اس کے سربراہ نے پاکستان کے خلاف نعرہ لگایا تو پوری جماعت نے ان سے لاتعلقی اختیار کرلی۔
اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ بہادر آباد مرکز سے متصل پارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اہل کراچی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے تحریک انصاف کے پرتشدد احتجاج میں شرکت نہ کر کے یہ ثابت کر دیا کہ 2018 میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج نیوٹرل نہیں ہوسکتی کیونکہ ملکی سلامتی و استحکام اس کی ذمے داری ہے ، عدلیہ کو قانون و انصاف کی سربلندی کیلیے نیوٹرل ہونا چاہیے۔
اس موقع پر سینیئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے جنرل فیصل نصیر سمیت ہر وہ جنرل ڈرٹی ہیری ہے جو ان کے لیے آر ٹی ایس نہیں بٹھا رہا اور جو ان کے لیے سینیٹ کا چئیرمین نہیں لا رہا۔
مصطفی کمال نے مزید کہا کہ عمران خان ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف جو کچھ کر چکے ہیں اب اگر ان کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو پاکستان ٹوٹ جائے گا۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما اور سینیئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے احتجاج کا رخ سیاسی مخالفین کے بجائے قومی سلامتی کے اداروں کی جانب موڑ کر ملک دشمنی کی ہے۔