اگلے برس ہم لیزر ٹیکنالوجی کی بدولت چاند کی ایچ ڈی ویڈیو دیکھ سکیں گے

آرٹیمس 2 مشن میں پہلی مرتبہ خلا میں آپٹیکل کمیونکیشن ٹیکنالوجی کی بدولت چاند کی تفصیلی ویڈیو زمین تک بھیجی جائیں گی


ویب ڈیسک May 11, 2023
2024 میں آرٹیمس ٹو مشن کیپسول چاند کے گرد کئی پھیرے لگائے گا اور ہمیں قمری سطح کی ایچ ڈی ویڈیو بھی بھیجے گا۔ فوٹو: بشکریہ ناسا

اگلے برس چاند کے مدار میں روانہ کئے جانے والے آرٹیمس ٹو مشن میں پہلی مرتبہ خلا میں لیزر پرمبنی آپٹیکل کمیونکیشن ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ اس طرح چاند کی سطح کی ایسی ویڈیو دیکھی جاسکیں گی جو اب تک ممکن نہ تھیں۔

ناسا کے چاند کے نئے مشن آرٹیمس ٹو کے تحت اورائن خلائی کیپسول کو نومبر 2024 میں ایس ایل ایس راکٹ پر رکھ کر چاند کے مدارمیں بھیجا جائے گا۔ اس میں سوار چارخلانورد دس روز تک چاند کے گرد چکر لگاکر زمین پر لوٹیں گے۔

اسی دوران پہلی مرتبہ 'اوٹواو' یا آپٹیکل کمیونکیشن سسٹم کے تحت لیزر ٹیکنالوجی استعمال کرکے چاند کی اعلیٰ معیاری ویڈیو زمین پر بھیجی جائیں گی۔ اس طرح زمین پر 260 میگابٹس فی سیکنڈ سے ڈیٹا بھیجا جائے گا جس سے ہم حقیقی وقت میں چاند کی بہترین ویڈیو فوٹیج دیکھ پائیں گے۔

یہی سسٹم مشن کی تفصیلات، سائنسدانوں کے پیغامات اور دوسری معلومات کا تبادلہ بھی کیا جاسکے گا۔ اس طرح خلائی رابطے کا ایک نیا باب بھی کھلے گا۔ اس سے قبل روایتی طور پر ہم ریڈیائی رابطوں پر انحصار کرتے تھے۔ ریڈیائی پیغامات کی وصولی کے لیے بہت سارے اینٹینا لگائے جاتے ہیں اوران سے ریڈیائی سگنل سنے جاتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں لیزر ٹیکنالوجی سے ڈیٹا منتقلی کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور اس میں تیزی بھی آئے گی۔

یہی وجہ ہے کہ 2024 میں چاند کی دوبارہ تسخیر کے اہم مرحلے میں زمین والے قمری سطح کا بالکل نئے انداز سے مشاہدہ کرسکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں