حکومت اور طالبان کمیٹیاں پرعزم ہیں کہ جنگ بندی میں توسیع کی جائے گی مولانا سمیع الحق

ہمیں اطمینان ہوگیا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے حکومت اور فوج کا ایک ہی مؤقف ہے، سربراہ طالبان کمیٹی

ہماری کوشش ہوگی کہ طالبان کمیٹی کی رواں ہفتے طالبان شوریٰ سے ملاقات ہوجائے، مولانا سمیع الحق فوٹو: ایکسپریس نیوز

طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع نہ ہونے کے باوجود صورتحال قابو میں ہے اور دونوں مذاکراتی کمیٹیاں پرعزم ہیں کہ جنگ بندی میں توسیع کی جائے گی۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل میں پیش رفت کے جائزے اورآئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔


اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان اور حکومت کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہے، فریقین مسائل کے حل کے لئے مذاکرات پر متفق ہیں اور ہمیں اطمینان ہوگیا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے حکومت اور فوج کا ایک ہی مؤقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان دونوں کو ایک دوسرے سے کچھ شکایتیں ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع نہ ہونے کے باوجود صورتحال قابو میں ہے، حکومت نےبھی جنگ بندی میں توسیع نہ ہونے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا اور دونوں کمیٹیاں پرعزم ہیں کہ جنگ بندی میں توسیع کی جائے گی۔

مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ طالبان کمیٹی فوری طور پر طالبان شوریٰ سے رابطے کرے گی اور ہماری کوشش ہوگی کہ رواں ہفتے طالبان شوریٰ سے ملاقات ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان شوریٰ سے ملاقات میں غیر عسکری قیدیوں کی رہائی پر بات ہوگی اور کمیٹی کو ہیلی کاپٹر اور دیگر درکار وسائل وزارت داخلہ مہیا کرے گی۔
Load Next Story