کوئٹہ میں قاسم سوری کے گھر پر پولیس کا چھاپہ بھائی گرفتار

دکی میں بھی پولیس کا پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن، ضلعی صدر سمیت چار کارکنان گرفتار


ویب ڈیسک May 11, 2023
فوٹو فائل

بلوچستان میں پُرتشدد مظاہروں کے بعد پولیس نے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر اشرف ناصر سمیت چار کارکنان کو گرفتار کرلیا جبکہ سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے گھر پر چھاپہ مار کر بھائی کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے کوئٹہ میں قاسم سوری کے گھر پر چھاپہ مارا اور پی ٹی آئی رہنما کی عدم موجودگی پر اُن کے بھائی بلال سوری کو حراست میں لے لیا۔

علاوہ ازیں دکی میں پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر اشرف ناصر سمیت چار کارکنان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف گزشتہ روز مقدمہ درج ہوا تھا۔

ایس پی دکی صبور آغا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دیگر کارکنان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ گزشتہ روز عسکری پارک کے سامنے پیش آئے پرتشدد واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے گزشتہ روز احتجاج کے دوران کچھ مشکوک لوگ بھی سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تمام حالات معمول کے مطابق ہیں، بلوچستان کو ملک کے دیگر صوبوں سے ملانے والوں تمام شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ کوکسی صورت چیلنج ہونے نہیں دیں گے۔

اُدھر پی ٹی آئی کی کال پر بلوچستان کے علاقے دکی میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہوئی جبکہ کارکنان نے سڑکوں کو رکاوٹوں سے بند کیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

علاوہ ازیں چاغی میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنان نے پاک ایران بین الاقوامی شاہراہ پر احتجاج کیا اور ٹائز نذر آتش کر کے ٹریفک کو بند کیا۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کے کارکنان خود ہی منتشر ہوگئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں