لاہور میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

پی ٹی آئی رہنماؤں کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جائے گا

[فائل-فوٹو]

لاہور میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کی گرفتاری پر لاہور میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پُرتشدد مظاہرے کیے گئے جس کے پیش نظر کارکنان کی گرفتاریوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوٹیجز کی مدد سے گرفتاریاں عمل میں لائے جائیں گی۔ علاوہ ازیں گرفتار کارکنوں کو لاہور سے باہر کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔


شہر کے تمام ایس پیز کو سرگرم پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پولیس کو گرفتاریوں کے لیے فری ہینڈ بھی دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور پولیس کو تاجر و کاروباری برادری کو ملک میں خراب صورتحال کے پیش نظر مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

اس کیلئے صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا شامل ہیں۔
محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تاجر و کاروباری برادری کو پورا تحفظ فراہم کیا جائے گا اور کسی کو کاروبار میں خلل ڈالنے نہیں دیں گے۔
Load Next Story