او اور اے لیول کے 12 مئی کو ہونے والے پرچے بھی منسوخ

پرچے بعد میں نہیں ہوں گے بلکہ فارمولے اور طریقہ کار کے تحت بچوں کو نمبر دیے جائیں گے، اعلامیہ

فوٹو فائل

برٹش کونسل نے پاکستان میں جاری صورتحال کے پیش نظر جمعہ 12 مئی کو ہونے والے او اور اے لیول کے تمام پرچے منسوخ کردیے ہیں۔ امتحان کے نتائج لیے گئے پرچوں کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

ڈائریکٹر کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسسمنٹ پاکستان عظمیٰ یوسف کنٹری نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم طلبہ کو پریشان نہیں کرنا چاہتے اس لیے پرچے منسوخ کردیے ہیں تا کہ اساتذہ اور طلبہ ملک کے پیش نظر اپنی حفاظت میں رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو صبح اور شام میں ہونے والے پرچے پورے پاکستان میں نہیں ہوں گے۔ منسوخی کے سبب اب ان مضامین کے پرچوں کے نتائج کی ایوریج مارکنگ کی جائے گی اوراسی مضمون کے دیے گئے دوسرے پرچوں کی بنیاد پر نتیجہ جاری ہوگا۔

عظمیٰ یوسف نے کہا کہ ملک کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہماری شراکت دار برٹش کونسل نے کیمبرج ایگزامینیشنز کے ساتھ مل کر جمعے کو ہونے والے امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔


برٹش کونسل کے مطابق 10، 11 اور 12 مئی کو ہونے والے امتحانات کو منسوخ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم بچوں اور اساتذہ کی حفاظت اور فلاح ہمارے لیے سب سے اہم ہے، ٹیم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، حالات معمول پر آنے تک ہم بچوں کو مطلع کرتے رہیں گے۔

علاوہ ازیں برٹش کونسل نے پاکستان میں موجودہ حالات کے پیش نظر منسوخ کیے گئے امتحانی پرچوں سے متعلق طلبہ کو نمبر دینے کا فارمولا جاری کردیا ہے۔ جس میں امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ منسوخ شدہ پرچوں میں سے کوئی بھی جون 2023 کی سیریز میں دوبارہ شیڈول نہیں کیا جائے گا۔

برٹش کونسل نے طلبا کے نام جاری پیغام میں کہا کہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ کیمبرج کے پاس امتحانات کے منسوخ ہونے پر نتائج جاری کرنے کے لیے ایک اچھی طرح سے 'خصوصی غور' کا عمل ہے۔ جن امیدواروں کے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں وہ اب بھی نتیجہ حاصل کر سکتے ہیں۔اگر انہوں نے کم از کم ایک اہل جزو پر بیٹھا ہو اور جون 2023 کے امتحانی سلسلے میں کل اسیسمنٹ کا کم از کم 15 فیصد مکمل کیا ہو۔ A سطح کے امیدواروں کو A لیول کے نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم ایک A2-سطح کے جزو پر بیٹھنا ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کچھ امیدواروں کے سوالات ہوسکتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، برٹش کونسل نے 10 11 اور 12 مئی کو ہونے والے امتحانات کو منسوخ کرنے کا مشکل فیصلہ ملک میں ترقی پذیر اور غیر محفوظ صورتحال اور اپنے امیدواروں اور برٹش کونسل کے تمام عملے کی دیکھ بھال کے لیے لیا گیا ہے۔

خط میں امیدواروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں آپ کی سمجھ بوجھ اور مسلسل تعاون کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
Load Next Story