پروفیسرصلاح الدین ثانی ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل دہلی کالج کے پرنسپل تعینات
محکمہ کالج ایجوکیشن نے اس سلسلے میں حکومت سندھ کو لاعلم رکھا
حکومت سندھ نے ماضی میں مختلف شکایات پر پرنسپل کے عہدے ہٹائے گئے پروفیسر صلاح الدّین ثانی کو گورنمنٹ دہلی سائنس کالج کا پرنسپل تعینات کردیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ان کی تعیناتی محض ایک روز کے لیے کی گئی ہے کیونکہ وہ 13 مئی کو ریٹائر ہوجائیں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ محکمہ کالج ایجوکیشن نے اس سلسلے میں حکومت سندھ کو لاعلم رکھا جبکہ دوسری جانب کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پروفیسر صلاح الدین ثانی کی ریٹائرمنٹ کی کارروائی کررہا تھا اور ان کی ریٹائرمنٹ کے نوٹی فکیشن کے لیے ضروری دفتری کارروائی کے بعد نوٹ بھی تیار کیا جاچکا ہے۔
ادھر "ایکسپریس" نے اس سلسلے میں پروفیسر صلاح الدین ثانی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل انہیں پاکستان شپ اونر کالج سے پرنسپل کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں محکمہ کالج ایجوکیشن کی سفارش پر چیف سیکریٹری سندھ نے جمعرات 11 مئی کو اس ضمن میں باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ واضح رہے کہ پروفیسرصلاح الدّین ثانی اسلامیات کے پروفیسر ہیں اور محکمہ تعلیم سندھ میں ان کی تعیّناتی دینی مدرسے کی اس سند کی بنیاد پر ہوٸی تھی جسے مشروط طور پر ایم اے اسلامیات کے مساوی تسلیم کیا گیا تھا۔
جب پروفیسر ثانی شپ اونرز گورنمنٹ کالج نارتھ ناظم آباد میں بطور پرنسپل تعیّنات تھے تو اس کالج کے اساتذہ و دیگر غیر تدریسی عملے نے ان کی بدانتظامی اور عملے کے ساتھ ناروا سلوک کا الزام لگاتے ہوٸے ان کے خلاف ایک احتجاجی تحریک بھی چلاٸی تھی۔ جس کے بعد انہیں شپ اونرز گورنمنٹ کالج کی پرنسپل شپ سے ہٹادیا گیا تھا۔