پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر 198 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا

بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کراچی ملیر جیل سے عمل میں آئی، جمعہ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائیگا

فوٹو: فائل

پاکستان نے خیرسگالی کے طور پر سزائیں مکمل کرنیوالے 198 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے جنہیں کل (جمعہ) واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

بھارتی ماہی گیروں کو جمعرات کو کراچی ملیرجیل سے رہا کیا گیا، بھارتی ماہی گیروں کو پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا، بھارتی ماہی گیروں کو ٹرین کے ذریعے کراچی سے لاہور روانہ کردیا گیا ہے، بھارتی ماہی گیر جمعہ کو لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے جہاں ایدھی فاؤنڈیشن کی طرف سے انہیں کھانا اور تحائف دیکر بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈرپہنچایا جائے گا۔

بھارتی سفارتخانے کی طرف سے ماہی گیروں کو عارضی سفری دستاویزات مہیا کی گئی ہیں، امیگریشن کے بعد بھارتی ماہی گیروں کو بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔


پاکستان نے 200 ماہی گیروں کو رہا کرنا تھا جن میں ایک سویلین بھی شامل تھا تاہم ایدھی حکام کے مطابق سویلین بھارتی قیدی ذوالفقار اور ایک ماہی گیر کی بیماری کے باعث اموات ہوگئی ہیں۔ دونوں بھارتی شہریوں کی ڈیڈباڈیز قانونی کارروائی کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کی جائیں گی۔

پاکستان اور بھارت کے مابین یکم جنوری 2023 کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا تھا جس کے مطابق پاکستان میں قید بھارتی ماہی گیروں کی تعداد 654 جبکہ بھارت میں قید پاکستانی ماہی گیروں کی تعداد 95 تھی تاہم گزشتہ پانچ ماہ کے دوران دونوں ملکوں نے مزید ایک دوسرے کے ماہی گیروں کو گرفتارکیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ انسانی حقوق کے بارے میں قومی کمیشن نے بھارتی جیلوں میں قید 100 سے زائد پاکستانی ماہی گیروں کی واپسی کے مطالبے پر مبنی مہم کا آغاز کیا تھا، اس ضمن میں کمیشن کی چیئرپرسن نے انڈین ڈیسک میں ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے ملاقات کی جس کا مقصد بھارت میں قید پاکستانی باشندوں سے متعلق تفصیلات کی تصدیق کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن بھارتی جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی میں تعاون کیلئے بھارت کے انسانی حقوق کمیشن کے چیئرپرسن کو پہلے ہی خط لکھ چکا ہے۔
Load Next Story