آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا وزیرخزانہ

دوست ممالک کے فنانسنگ کے وعدے جلد پورے ہوں گے، مئی اور جون کے دوران ادائیگیوں کا انتظام کر لیا جائے گا، اسحاق ڈار


Khususi Reporter May 11, 2023
مئی اور جون کے دوران ادائیگیوں کا انتظام کرلیا جائے گا، اسحاق ڈار ( فوٹو: فائل )

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔

وفاقی وزیرخزانہ نے نیشنل سکیورٹی ڈویژن اوراسلام آبادپالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام منعقدہ اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ کے تحت ' پاکستان کے اقتصادی چیلنجز' کے موضوع پرسیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹاف سطح کے معاہدے کے لیے مزید وقت چاہتا ہے تو وقت لے، مئی اور جون میں 3.7 ارب ڈالر کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو پاکستان سے متعلق ڈیفالٹ کی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کے وعدے جلد پورے ہوں گے، مئی اور جون کے دوران ادائیگیوں کا انتظام کر لیا جائے گا۔

وزیرخزانہ نے مزید کہاکہ حکومت نے اپنے سیاسی اثاثے کی قیمت پرمشکل اقتصادی فیصلے کیے ہیں کیونکہ ہمارے لیے سیاست سے زیادہ ریاست ضروری ہے، حکومت جامع اورپائیداراقتصادی نمو کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرارہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ علاقائی رابطوں میں اضافہ، درآمدات کی حوصلہ شکنی اوربرآمدات میں اضافے پربھی ہماری توجہ مرکوز ہے۔ اقتصادی سلامتی قومی سلامتی کا اہم جزوہے اوراقتصادی سلامتی کویقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا، حکومت نے دسمبرتک تمام بیرونی ادائیگیوں کویقینی بنایا ہے۔ ایران اور سعودی عرب ڈیل کے باعث خطے میں بہتری آئے گی، معاشی فروغ کے لیے خطے میں امن و امان، خوشحالی، سرمایہ کاری اور پارٹنرشپ ضروری ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے غذائی ضروریات میں کمی کا خدشہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔