میڈیکل کالجوں میں داخلے انٹری ٹیسٹ 7اکتوبر کو ہوگا

صوبے کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں حتمی میرٹ فہرست 20 اکتوبر کوآویزاں کردی جا ئے گی


Tufail Ahmed September 17, 2012
انٹری ٹیسٹ کے لیے کراچی سمیت5 امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے. فوٹو: فائل

میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ 7اکتوبر کو ہوگا۔

کراچی سمیت صوبے کے میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال برائے 2012.13 میں داخلہ فارم جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے، ڈاؤیونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق ساڑھے چار ہزار امیدواروں نے فارم حاصل کیے ہیں جبکہ سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار کے مطابق 4ہزار سے زائد امیدواروں اور لیاری میڈیکل کالج سے ڈیڑھ ہزار سے زائد امیدواروں نے فارم حاصل کیے ہیں، تمام امیدوار آج اپنے داخلے کے لیے مخصوص بینکوں میں فارم جمع کرائیں گے۔

دوسری جانب سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں داخلوںکے اعلان کے بعدمذکورہ یونیورسٹی کے جاری کیے جانے والے آرڈیننس کی مدت 30 اگست کو ختم ہونے کے بعد یونیورسٹی کی حیثیت بھی قانونی اعتبار سے ختم ہوگئی جس پرامیدواروں نے اپنے تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی حیثیت مستقبل میںکیا ہوگی، دوسری جانب یونیورسٹی کے زیر تعلیم طالب علم بھی تذبذب کا شکار ہیں جبکہ ارکان فیکلٹی بھی اسی صورتحال سے گزر رہے ہیں، طالب علموں کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ اپنی مصروفیت کے باعث سندھ میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے میں ناکام ہوگئی اور بغیر سرچ کمیٹی کے وائس چانسلر کی بھی تقرری کردی اور چار ماہ گزرنے کے باوجود بھی کسی بھی عہدے پر تعیناتیاں نہیں کی جاسکیں۔

گورنر ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے باوجود بھی قانونی شق موجود ہے جب بھی اسمبلی کا اجلاس طلب کیاجائے گا ، آرڈیننس ختم ہونے کے بعدکی درمیانی مدت کو قانونی تحفظ فراہم کرکے بل کی منظوری کرالی جائیگی، دریں اثنا امسال کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی کے تحت چلنے والے ڈاؤ میڈیکل کالج میں 350 سیٹوں ، سندھ میڈیکل یونیورسٹی 350 ، لیاری میڈیکل کالج کراچی100، لیاقت یونیورسٹی جامشورو350 ، شہیدبے نظیر بھٹومیڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ 350 ، پیپلز یونیورسٹی برائے خواتین نوابشاہ میں 200 سیٹوں پر داخلے دیے جائیں گے،اسی طرح کراچی سمیت صوبے کے تمام میڈیکل کالجوں میں 1700سیٹوں پر داخلے دیے جائیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ داخلہ فارم پر اعتراضات29 ستمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے،7 اکتوبر کوبیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، انٹری ٹیسٹ کے لیے کراچی سمیت5 امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان10اکتوبرکوکیا جائے گا، ابتدائی میرٹ فہرست15اکتوبرکوآویزاں کی جائے گی جبکہ16 اکتوبر کو اس پر اعتراضات جمع کرائے جا سکیں گے، صوبے کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں حتمی میرٹ فہرست 20 اکتوبر کوآویزاں کردی جا ئے گی جبکہ یکم نومبر سے نئے تعلیمی سال کاآغازکردیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں