اسپیشل اولمپکس میں شرکت کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

امید ہے کہ پاکستان ان کھیلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، جرمن قونصل جنرل


Sports Reporter May 12, 2023
فوٹو: ایکسپریس

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں آئندہ ماہ ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کرنے والے پاکستانی دستے کے اعزاز میں جرمن قونصل خانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 17 سے 25 جون تک منعقد ہونے والے ان گیمز میں دنیا بھر سے ساڑھے 7 ہزار خصوصی کھلاڑی شرکت کریں گے۔

تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت، مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پرخیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے میزبان قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ جرمنی کی میزبانی میں پہلی بار ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز شایان شان اور یادگار انداز میں ہوں گے، امید ہے کہ پاکستان ان کھیلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئر پرسن رونق لاکھانی نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہوتے ہیں، گیمز میں شرکت کا مقصد یہ بارور کرانا ہے کہ پاکستان کے خصوصی بچے دنیا میں کسی سے بھی کم نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ گیمز کی طرح پاکستانی بچے برلن میں بھی عمدہ پرفارمنس دیں گے اور ملک کے سفیر کی حیثیت سے اپنے عمدہ اخلاق اور رویہ کی بدولت دل جیتیں گے، قوم ان خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کرے۔ گیمز میں شرکت کو ممکن بنانے میں سندھ حکومت نے بھر پور مدد اور تعاون کیا۔ اس ضمن میں اسپیشل اولمپکس پاکستان وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خاص طور پرمشکور ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے کہا کہ ذہنی یا جسمانی مسائل کے باجود خصوصی کھلاڑی اہلیت اور صلاحیت میں کسی سے کم نہیں ہوتے، ان کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے، حکومت سندھ اس ضمن میں اپنی ذمے داری بھر پور طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کرر ہی ہے۔

تقریب سے اسپیشل اولمپکس پاکستان کی برانڈ ایمبیسیڈر معروف فنکار ثروت گیلانی، یاسمین حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا، گیمز میں شرکت کے لیے پاکستان کا 138 رکنی دستہ 11 کھیلوں میں شرکت کے لیے12 مئی کو جرمنی روانہ ہوگا، 87 کھلاڑیوں میں 54 بچے اور 33 بچیاں شامل ہیں جبکہ 30 کوچ ہیں جن میں 17 مر اور 13 خواتین ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔