ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کی نظربند 17 خواتین کی رہائی کا حکم

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس صفدر سلیم شاہد نے نظربندی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا

ڈاکٹر یاسمین راشد کو لاہور پولیس نے گرفتار کیا تھا:فوٹو:فائل

لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت نظر بند کی گئی پی ٹی آئی کی 17 خواتین کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی بازیابی سے متعلق درخواست پرفیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے ان کی نظربندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کسی مقدمے میں مطلوب نہیں توانہیں رہا کیا جائے۔


ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ کینسر کی مریض ہیں عدالت ان کو فوری طور پر پیش کرنے کا حکم دے۔سرکاری وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر ہیں اور بیماری کے باوجود ڈاکٹر صاحبہ ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں موجود ہوتی ہیں۔ اگر ڈآکٹر یاسمین سیاسی سرگرمیاں میں شرکت نہ کرتیں تو پھر نظری بندی کے احکامات جاری نہ ہوتے۔ ویڈیو شواہد موجود ہیں جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد لوگوں کو کور کمانڈر ہاؤس جانے کا کہہ رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کی سینیئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد گرفتار

دریں اثنا لاہور ہائی کورٹ نے گرفتار پی ٹی آئی کی 17 خواتین کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے نظربندی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔ درخواستوں پر جسٹس صفدر سلیم شاہد نے درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا اور پی ٹی آئی خواتین ورکرز کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
Load Next Story