مسلح افواج کی تنصیبات کے تقدس کو پامال کرنے کی مزید کوشش برداشت نہیں کرینگے آرمی چیف

آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ، 9 مئی کے تمام کرداروں کو کٹہرے میں لانے کا عزم


ویب ڈیسک May 13, 2023
فوٹو فائل

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامی کو پامال کرنے کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ جہاں اُن کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔

آرمی چیف کو صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جس پر آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ قابلیت، کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے کور کے افسران سے بھی خطاب کیا اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: 9 مئی جلاؤ گھیراؤ؛ وزیراعظم کا 72 گھنٹوں میں تمام افراد کی گرفتاری کا حکم

انہوں نے کہا کہ'ہم امن و استحکام کی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، اس عمل کو سبوتاژ کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی، مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامتی کو پامال کرنے یا توڑ پھوڑ کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی،

آرمی چیف نے 9 مئی پر توڑ پھوڑ کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، اکسانے والوں اور ان پر عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کیا اور کہا کہ دشمن عناصر کی جانب سے عوام اور مسلح افواج کی درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی مذموم کوشش کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں