چیف جسٹس اپنی سربراہی میں سرکاری عمارتیں جلانے کی تحقیقات کروائیں عمران خان

قوم سپریم کورٹ اور چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار کو گھروں سے نکلے، چیئرمین پی ٹی آئی


May 13, 2023
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اپنی سربراہی میں سرکاری عمارتیں جلانے کی عدالتی تحقیقات کروائیں۔

اپنے کارکنان اور قوم سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میرا فلسفہ نہیں ہے جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ نواز شریف نے عدلیہ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا، ہم نے 27 سال کی سیاسی تاریخ میں کوئی انتشار کی بات کی اور نہ ہی کبھی اس پر عمل کیا اور میں نے ہمیشہ انتشار سے بچنے کی تاکید کی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عدلیہ نے مجھے انصاف دیا، جمہوریت کے خلاف واردات کرنے والوں کو بھی عدلیہ نے ہی روک رکھا ہے، اب وقت ہے کہ قوم عدلیہ اور آئین کے ساتھ کھڑی ہوجائے۔

عمران خان نے کہا کہ آہستہ آہستہ چیزیں سامنے آرہی ہیں، مجھے ایسے گرفتار کیا گیا جیسے کوئی دہشت گرد ہوں، اسلام آباد جانے سے پہلے ہی مجھے گرفتاری کا علم ہوگیا تھا، میری گرفتاری کے بعد پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، بچوں اور خواتین کو مارا، ظل شاہ کو انہوں نے تشدد کر کے قتل کیا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کے ساتھ بدسلوکی کو دنیا نے دیکھا، القادر ٹرسٹ سے میری ذات کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، نیب اس کیس میں میرا مفاد بتا نہیں پارہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ سرکاری عمارتیں جلانے کی عدالتی تحقیقات کروائی جائیں، چیف جسٹس اپنی سربراہی میں تحقیقات کرائیں کیونکہ لبرٹی میں نامعلوم افراد لوگوں کو اشتعال دلا رہے تھے۔

اپنے خطاب کے آخر میں عمران خان نے ایک بار پھر چیف جسٹس اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے عوام کو اتوار کو گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئین ، عدلیہ اور اپنے بچوں کی آزادی کیلیے کل باہر نکلیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں