کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ دکھائی گئی تو مستعفی ہوجاؤں گا گورنر سندھ

ہم کسی بھی حال میں 2 کروڑ سے کم نہیں ہیں، کامران ٹیسوری

فوٹو: ایکسپریس

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اگر کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ دکھائی جاتی ہے تو میں مستعفی ہوجاؤں گا، مردم شماری ہماری ریڈ لائن ہے، ہم کسی بھی حال میں 2 کروڑ سے کم نہیں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں روزمرہ کے بنیاد پر مردم شماری کو دیکھ رہا ہوں، خالد مقبول صدیقی سے بھی مسلسل رابطے میں ہوں، عمران خان اس ملک کے لیے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں، انہوں نے بھارتی میڈیا کو خوش کرنے کی کوشش کی ، پاکستان اس وقت معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے، عمران خان کو نیب نے حراست میں لیا، اس نے صرف افواج پاکستان کو نشانہ بنایا کیونکہ ایجنٹ کا کام ہی یہی ہے، اگر ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان بھارتی ایجنٹ ہے تو پابندی لگنی چاہیے۔


کامران ٹیسوری نے کہا عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے، کسی بھی ملک کو کمزور کرنا ہو تو وہ افواج پر حملہ کرتے ہیں، عمران خان نے افواج پر حملہ کیا، یہ غیر ملکی سازش ہے تا کہ سی پیک نہ بنے، عمران خان سی پیک کو مکمل ہوتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا، عمران کے دور میں سی پیک پر کام روکا ہوا تھا، کل جب عمران خان کو کورٹ میں بلایا تو انہوں نے کسی سیاسی بندے کو چھڑوانے کی بات نہیں کی بلکہ عدالت میں بیٹھ کر بھی آرمی چیف کے خلاف بات کی۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے جو کچھ کیا اگر کراچی میں ہوا ہوتا تو سب پھانسی پر ہوتے، کامران ٹیسوری

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عمران خان کے ساتھ لاڈلہ پن کیا جارہا ہے اس کا بھی احتساب ہونا چاہیے، جو کچھ عمران کے کارکنوں نے کیا ہے اور اگر اس طرح کراچی میں ہوا ہوتا تو سب پھانسی پر ہوتے، چھوٹے صوبوں میں اس وقت احساس کمتری جنم لے رہی ہے، 9 مئی کے واقعات کے خلاف 21 مئی کو مزار قائد پر جمع ہوں گے، بابائے قوم اورافواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کی جائے گی، اختتام پر آتش بازی کا بھی اہتمام ہوگا، عمران اسماعیل نے مجھ پر الزامات لگائے کہ میں نے عوام کو تھوک میں تل کے سموسے کھلائے یہ رزق کی توہین کی ہے وہ اپنے الفاظ واپس لیں۔

علاوہ ازیں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاﺅس پر "امید کی گھنٹی" کا افتتاح کیا۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ رات 12 سے صبح 8 بجے تک" امید کی گھنٹی" سائلین کے لئے دستیاب ہوگی، عوام کی مشکلات کے پیش نظر "امید کی گھنٹی"لگانے کا اقدام اٹھایا گیا ہے، گورنر ہاؤس کے گیٹ نمبر 4 پر عوام کیلئے شکایتی سیل بنایا گیا ہے، سب سے پہلے میں شیخ رشید کو دعوت دوں گا اگر شیخ رشید صاحب کو کوئی شکایت ہو تو گیٹ نمبر 4 پر تشریف لائیں کیونکہ ان کو ہمیشہ شکایت ہی رہتی ہے۔
Load Next Story