ایشیاکپ ہوگا یا نہیں فیصلہ آج سنایا جائے گا

اے سی سی کل جواب دے گی، میزبانی سے محرومی پر بی پلان تیار ہوگا

تین ملکی کرکٹ سیریز کی ممکنہ ٹیموں کے پتے ابھی شو نہیں کروں گا، نجم سیٹھی (فوٹو: ٹوئٹر)

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایشیاکپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا کو انٹرویوز میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کیلیے امید کا دامن نہیں چھوڑا مگر ایسا ممکن نہیں ہوتا تو اس کیلیے بھی تیار رہنا ہوگا، اے سی سی نے پیر تک حتمی جواب دینے کا کہا ہے، میں نے بورڈ میں اپنی ٹیم سے کہہ دیا کہ اگر ایونٹ پاکستان کے بغیر ہو تو اس دوران متبادل مصروفیت کے طور پر 3 ملکی سیریز کا اہتمام کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ کو بچانے کیلیے حتمی فارمولہ پیش کردیا گیا

انہوں نے کہا کہ ابھی انگلش بورڈ سے بات نہیں ہوئی مگر 2 مہمان ٹیمیں کون سی ہوں گی ابھی پتے شو نہیں کروں گا، امید کرتا ہوں کہ ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں شریک ہوں گی۔


ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی احتجاجی تحریک 6 ماہ سے چل رہی ہے، اس دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آ کر کھیل چکیں، موجودہ صورتحال عارضی اور ایشیا کپ ستمبر میں ہونا ہے، یو اے ای ماضی کی طرح اس ایونٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے زور لگا رہا ہے مگر ارکان وہاں سخت گرم موسم پر تحفظات رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ کے پاکستان میں انعقاد کے امکانات موجود ہیں، نجم سیٹھی

نجم سیٹھی نے کہا کہ احمدآباد میں کھیلنے کا سوال تو بعد میں آتا ہے، پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم ورلڈکپ میں شرکت کیلیے بھارت جائیں، اگر مسئلہ حل ہوجائے اور بھارتی بورڈ کہے کہ ہم پاکستان میں کسی بھی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں تو ہم بھی ایسا ہی اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہا ہم بھارتی ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، اسی طرح ورلڈکپ میں ان کو یہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی،اگر آپ کو پاکستان آنے لاہور، کراچی یا راولپنڈی میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں تو ہمیں بھی احمدآباد، کولکتہ دھرم شالہ یا چنئی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
Load Next Story