ون ڈے سپر لیگ بنگلہ دیش نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

آئرلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں3 وکٹ کی فتح نے تیسرے نمبر پر پہنچادیا


Sports Desk May 14, 2023
آئرلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں3 وکٹ کی فتح نے تیسرے نمبر پر پہنچادیا (فوٹو: فائل)

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ سپرلیگ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بنگلہ یش نے چیمسفورڈ میں کھیلے گے دوسرے ون ڈے میں آئرلینڈ کو دلچسپ مقابلے میں 3 وکٹ سے شکست دے کر سپر لیگ میں تیسری پوزیشن سنبھال لی ہے، ٹیم کے مجموعی پوائنٹس 10 کے اضافے سے اب 145 ہوگئے۔

139 پوائنٹس کی حامل بھارتی ٹیم کو چوتھے نمبر پر جانا پڑا، ٹاپ پر نیوزی لینڈ 175، دوسرے نمبر پر انگلینڈ 155 پوائنٹس کے ساتھ براجمان ہے، پاکستان ٹیم 130 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں درجے پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ سپر لیگ؛ پاکستان کی تیسری پوزیشن مزیدمستحکم ہوگئی

جمعہ کی شب کھیلے گئے مقابلے میں آئرلینڈ نے 6 وکٹ پر 319 رنز بنائے، اس ٹوٹل میں بڑا حصہ ہینری ٹیکٹر نے 140 رنز کے ساتھ ڈالا، ڈوکریل نے ناقابل شکست 74 رنز اسکور کیے، حسن محمود اور شریف الاسلام نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں نجم الحسین شانتو نے 117 اور توحید نے 68 رنز بنا کر بنگال ٹائیگرز کو ہدف کے قریب پہنچایا، آخر میں مشفیق الرحیم نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر فتح کا مشن جاری رکھا، آخری 4 بالز پر فتح کیلیے 4 ہی رنز درکار تھے، نوبال ہونے کی وجہ سے فری ہٹ ملی جس پر مشفیق نے اسکوپ شاٹ کھیلا اور گیند ڈیپ تھرڈ باؤنڈری سے باہر چلی گئی، کرٹس کیمفر اور جارج ڈوکریل نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ شانتو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیش کی ون ڈے میں 10 وکٹ سے فتح

یاد رہے کہ 3 ون ڈے میچز کی اس سیریز کا پہلا مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا، آئرش ٹیم سپر لیگ اسٹینڈنگ میں 73 پوائنٹس کے ساتھ 11 ویں نمبر پر ہے، تیسرے میچ میں کامیابی کی صورت میں وہ سری لنکا کی جگہ دسویں پوزیشن حاصل کرسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں