ایشیاکپ میزبان پاکستان نے نیوٹرل وینیو کیلئے ’’انگلینڈ‘‘ کا نام تجویز کردیا

ہم متبادل کے طور پر کسی بھی ملک کا انتخاب کرسکتے ہیں، نجم سیٹھی


Sports Desk May 15, 2023
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایونٹ کے حوالے سے فیصلہ آج متوقع (فوٹو: ایکسپریس ویب)

ایشیا کپ کی میزبانی کیلیے انگلینڈ کا نام سامنے آگیا تاہم ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے آج فیصلہ متوقع ہے۔

ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج متوقع ہے، اس ایونٹ کی میزبانی کافی پہلے پاکستان کو دی گئی تھی تاہم جب ایونٹ کا وقت قریب آیا تو بھارت نے نہ صرف اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا بلکہ خود ہی ایشیائی ایونٹ کو کسی دوسرے ملک میں منعقد کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ کیلئے پاکستان نے کیا تجاویز دیں؟ جانیے

پی سی بی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے میزبانی بچانے کیلیے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا جس کے تحت باقی تمام ٹیموں کے مقابلے پاکستان جبکہ بھارت کے میچز یواے ای میں منعقد کیے جانے تھے، بی سی سی آئی نے اس تجویز کو رد کردیا، جس پر ایک اور تجویز دی گئی جس میں ابتدائی چند میچز پاکستان اور باقی یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ کے پاکستان میں انعقاد کے امکانات موجود ہیں، نجم سیٹھی

اب نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کو انگلینڈ میں منعقد کرنے کی تجویز دے دی ہے، وہ کہتے ہیں کہ ایشیا کپ کا انعقاد انگلینڈ میں بھی ہوسکتا ہے، ہم چونکہ اس ٹورنامنٹ کے میزبان ہیں، اس لیے متبادل کے طور پر کسی بھی وینیو کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ کو بچانے کیلیے حتمی فارمولہ پیش کردیا گیا

ادھر ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان میں ایشیائی شوپیس ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ پیر کو متوقع ہے، بھارت پہلے ہی سری لنکا کو ایونٹ کی میزبانی کے خواب دکھا چکا اور اس کی جانب سے بھی واضح کیا جاچکا ہے کہ اگر پاکستان نہیں کھیلا تو اس کے بغیر ہی سری لنکا میں 5 ملکی ٹورنامنٹ منعقد کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں