کراچی عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کی تصاویر جاری

ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، معلومات دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رہے گا، پولیس


Staff Reporter May 15, 2023
ملزمان کی نشاندہی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے کی گئی، پولیس

کراچی پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد شہر میں جلاؤگھیراؤ اورپرتشدد کارروائیوں میں ملوث ملزمان کی تصاویریں جاری کردیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر حاصل ہونے والی ویڈیوز کی مدد سے نشاندہی کے بعد پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس انویسٹی گیشن ایسٹ کے حکام کے مطابق کراچی میں 9 مئی کو جلاؤ، گھیراؤ میں ملوث ملزمان کی شناخت کے لیے نادراحکام سے بھی مدد لی جائے گی جب کہ پولیس نےعام شہریوں سے بھی جلاؤگھیراؤمیں ملوث ملزمان کی نشاندہی کے لیےمدد طلب کی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ شہر میں جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل بنیادوں پرچھاپے مارے جارہے ہیں اور ان کےخلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف شہر کی اہم اور مصروف ترین شاہراہ فیصل سمیت دیگر مرکزی راستوں پر سرکاری ونجی املاک کونشانہ بنایا گیاتھا۔ اس دوران ملزمان نے 2 پیپلزریڈ بسوں، پولیس وین، واٹرباؤزر، رینجرزچوکی، ٹریفک پولیس کے کیبنز اور کئی دوسری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی تھی۔

ملزمان نےپرتشدد مظاہروں کے دوران مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں ایک پولیس موبائل کو بھی آگ لگائی تھی۔ جلاؤ گھیراؤ کے دوران دیگر پرتشدد کارروائیوں میں ملزمان نےکئی پولیس اہل کاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

ملزمان کے خلاف ٹیپو سلطان ، فیروز آباد اورمبینہ ٹاؤن تھانوں میں دہشت گردی سمیت دیگرسنگین جرائم کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق کسی بھی شہری کے پاس ملزمان کے حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو وہ مدد گار15 یا متعلقہ تھانوں سے فوری رابطہ کرکے ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں