ٹک ٹاک اور اسٹارٹ اپ کمپنی سندھ کے 10 ہزار طلبا کو اسکالرشپ دیں گے

ایجوکیشن اسٹارٹ اپ Edkasa اور ٹک ٹاک نے اس ضمن میں سندھ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک کرلیا

اسکالرشپ سے نویں اور دسویں جماعت کے طلباء استفادہ کرسکیں گے(فوٹو : انٹرنیٹ)

ایجوکیشن اسٹارٹ اپ Edkasa اور سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے 10 ہزار بچوں کو اسکالرشپ فراہم کریں گے۔

معروف ویڈیو ایپ ٹک ٹاک اور ایجوکیشن اسٹارٹ اپ Edkasa نے سندھ کے 10 ہزار بچوں کو اسکالر شپ فراہم کرنے کے لیے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک کرلیا۔

اس شراکت داری کے تحت سندھ کے وسائل سے محروم علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی آسان بنائی جائے گی۔ اسکالرشپ سے نویں اور دسویں جماعت کے طلباء استفادہ کرسکیں گے۔

پاکستانی طلباء کو امتحانات کی تیاری میں مدد کے لیے ایگزام ریڈی کے نام سے شروع کی جانے والی اس مہم کے تحت کیمسٹری، فزکس اور ریاضی سے متعلق 500 تدریسی ویڈیوز تیار کی گئی ہیں جن میں موثر طریقے سے مطالعہ کے مشورے اور آزمائشی امتحان کی مشقیں شامل ہیں۔


ٹک ٹاک کے پلیٹ فارم پر دستیاب یہ تدریسی ویڈیوز پاکستانی طلباء میں تیزی سے مقبول ہورہی ہیں اور اب تک 10کروڑ ویڈیوز اپ لوڈ کی جاچکی ہیں جنہیں 66 کروڑ 50 لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے۔

ٹک ٹاک کی منیجر پبلک پروگرام اینڈ پارٹنر شپ برائے جنوبی ایشیاء اور پاکستان زارا بشارت ہگاس نے کہا کہ تعلیم ایک بنیادی حق ہے اور ٹیکنالوجی کی مدد سے طلباء کی معیاری تعلیم تک رسائی کو آسان بنایا جاسکتا ہے، ہم سندھ کے وسائل سے محروم علاقوں کے طلباء کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرسکیں گے یہ شراکت داری پاکستان کے بچوں اور نوجوانوں پر مثبت اثرات مرتب کرکے پاکستان کے لیے دوررس فوائد کا سبب بنے گی۔

ایجوکیشن اسٹارٹ اپ Edkasa کے سی ای او فہد تنویر نے کہا کہ مختلف اداروں کے مل کر کام کرنے سے معیاری تعلیم کو عام کرنے کے بہت سے مواقع اور امکانات روشن ہوتے ہیں، اس ضمن میں ٹک ٹاک اور سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون پر مبنی اس اقدام سے سندھ بھر میں طلباء کی Edkasa ایپلی کیشن کے ذریعے تعلیم کے حصول کے لیے معاونت پر بے حد مسرور ہیں۔

سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے رکن عبدالکبیر قاضی نے کہا کہ حکومت سندھ نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے صوبہ میں تعلیم کے فروغ اور ترقی کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں بالخصوص پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سندھ بھر کے 2600اسکولوں کے 8 لاکھ50ہزار طلباء کو فائدہ پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایگزام ریڈی مہم کے ذریعے سندھ کے طلباء کو پریمیئم کوالٹی کے تدریسی مواد تک رسائی حاصل ہوگی یہ ایک بروقت اقدام ہے اور میٹرک کے امتحانات میں مشغول طلباء کو اس سے بھرپور فائدہ ہوگا۔
Load Next Story