آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کیلئے کوالیفائی کرنیوالی ٹیموں کے نام سامنے آگئے
ورلڈ کپ سپر لیگ میں بابراعظم سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر، فخر زمان سب سے زیادہ انفرادی اسکور کیساتھ سرفہرست رہے
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ اتوار کو بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کیساتھ اختتام پذیر ہوگئی جس کے ذریعے پاکستان سمیت 8 ٹیموں نے ورلڈ کپ 2023 کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 1454 رنز کیساتھ ورلڈ کپ سپر لیگ کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے جنہوں نے 76.52 کی اوسط سے 1454 رنز بنائے جس میں 9 نصف سنچریاں اور 6 سنچریاں شامل تھیں۔
پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان ورلڈ کپ سپر لیگ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کے ساتھ سرفہرست ہیں جنہوں نے 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 155 گیندوں پر 193 رنز بنائے جس میں 18 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
ورلڈ کپ سپر لیگ میں 13 ٹیمیں شامل تھیں جسے رواں سال بھارت میں ہونیوالے کرکٹ ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلے کے طور پر استعمال کیا گیا اور لیگ کے اختتام پر ٹاپ 8 ٹیمیں ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
ورلڈ کپ سپر لیگ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 24 میں سے 16 میچ جیت کر سرفہرست رہی جبکہ موجودہ ورلڈ چیمپئن انگلینڈ 24 میں سے 15 میچوں میں کامیابی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
بنگلہ دیش تیسرے، بھارت چوتھے اور پاکستان 21 میں سے 13 میچ جیت کر پانچویں نمبر پر رہا۔ آسٹریلیا چھٹے، افغانستان ساتویں اور جنوبی افریقہ آٹھویں نمبر کیساتھ ورلڈ کپ 2023 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرگیا ہے۔
ویسٹ انڈیز نویں، سری لنکا دسویں، آئرلینڈ گیارہویں، زمبابوے بارہویں اور نیدرلینڈز 13 ویں پوزیشن پر ہے جنہیں اب ورلڈ کپ تک رسائی کیلئے کوالیفائر ٹورنامنٹ کھیلنا ہوگا۔
کوالیفائر ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں مذکورہ آخری پانچ ٹیموں کے علاوہ عمان، نیپال، یو اے ای، امریکا اور اسکاٹ لینڈ شامل ہوں گے۔ کوالیفائر ٹورنامنٹ کا آغاز 18 جون سے زمبابوے میں ہوگا، کوالیفائر راؤنڈ کے نتیجے میں مزید 2 ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ سپر لیگ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن تھا جو جولائی 2020 سے مئی 2023 کے درمیان منعقد ہوا جس کے ذریعے ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کو فائنل کرنے میں مدد ملی ہے۔