فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کٹہرے میں لایا جائے گا کور کمانڈرز کانفرنس

غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پرتمام اسٹیک ہولڈرز میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، کور کمانڈرز کانفرنس


ویب ڈیسک May 15, 2023
فوٹو فائل

کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے افراد کو پاکستان آرمی اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعادہ کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں موجودہ حالات کے تناظر میں خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکا نے سیاسی شرپسندوں کی جانب سے کیے گئے جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔

اعلامیے کے مطابق فورم کے شرکا نے بتایا کہ آرمی کے رینک اور فائل میں عسکری تنصیبات کے نقصانات اور جلاؤ گھیراؤ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

کورکمانڈر کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے افراد کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعادہ کیا گیا جبکہ فورم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر افواجِ پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اُکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے تمام مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔

کانفرنس میں گزشتہ دنوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جسے ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لئے استعمال کیا۔ کانفرنس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کسی بھی حلقے کی جانب سے قیامِ امن و امان کیلئے رکاوٹ ڈالنے والوں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

بریفنگ کے دوران فورم کو آگاہ کیا گیا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط منصوبے پر عمل درآمد کرایا گیا تاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے جبکہ یہ سارا عمل ایک ذاتی سیاسی ایجنڈے کے حصول کے لیے تھا۔

اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے سارے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ ردِ عمل کو سراہا۔ فورم نے واضح کیا کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔

شرکاء نے بیرونی طور پر اسپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پروپیگنڈہ پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا شرمناک پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا اور مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔

کور کمانڈر کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ دُشمن قوتوں کے شیطانی پروپیگنڈے کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی'۔ کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔

فورم نے موجودہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پرتمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کے اعتماد معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے۔

کانفرنس کے شرکاء نے شہدائے پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے دفاعِ وطن اور اس قوم پر اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔

علاوہ ازیں کانفرنس میں بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دینے اور شہید ہونے والے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں