اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں بلوچستان سے سیکڑوں کلو افیون برآمد
مختلف شہروں میں انسداد منشیات کی کارروائیوں کے دوران ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے
اے این ایف کی ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران بلوچستان سے سیکڑوں کلو افیون برآمد کرلی گ ئی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اے این ایف اور ایف سی بلوچستان کی نوکنڈی میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 1529 کلو افیون برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں ایک دوسرے آپریشن میں دالبندین سرگل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے جھاڑیوں میں چھپائی گئی 6 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
دوسری جانبراولپنڈی لال کرتی میں واقع نجی کوریئر آفس میں جہلم سے بھیجے گئے پارسل سے 64 گرام ویڈ برآمد کرلی گئی۔ اُدھر لاہور انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بنکاک جانے والے ملزم کے پیٹ سے 42 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرکے پاکپتن کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
دریں اثنا اے این ایف اور اے ایس ایف کی لاہور انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مشترکہ کارروائی میں فلائٹ نمبر GF 767 سے بحرین جانے والےمُلزم کے ٹرالی بیگ سے 586 گرام ہیروئن برآمد کرکے مظفر گڑھ کے رہائشی ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں قصور روڈ کے قریب مشکوک کار کی تلاشی کے دوران 12 کلو چرس برآمد کرلی گئی، جو سی این جی سلنڈر میں چھپائی گئی تھی۔
ایک اور کارروائی میں پشاور حیات آباد ٹول پلازہ کے قریب خیبر کے رہائشی ملزم سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اینٹی نارکوٹکس حکام نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔