ایشیاکپ ہائبرڈ ماڈل پر فیصلہ رواں ہفتے متوقع

بھارت ایسی صورتحال نہ بنائے جس کا نتیجہ ورلڈکپ کے بائیکاٹ پر نکلے،سیٹھی

بھارت ایسی صورتحال نہ بنائے جس کا نتیجہ ورلڈکپ کے بائیکاٹ پر نکلے،سیٹھی (فوٹو: کرک انفو)

ایشیا کپ کیلیے پی سی بی کے مجوزہ ہائبرڈ ماڈل پر فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے جب کہ ورچوئل اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

ایشیا کپ میں بھارت کے شرکت سے انکار کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کی تھی،اس کے تحت بھارتی میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کی تجویز پیش دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ؛ میزبان پاکستان نے نیوٹرل وینیو کیلئے ''انگلینڈ'' کا نام تجویز کردیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر پیش رفت ہوئی ہے، ایشین کرکٹ کونسل کا ورچوئل اجلاس رواں ہفتے ہی بلائے جانے کا امکان ہے،امید کی جا رہی ہے کہ اجلاس میں پہلے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے پر بات ہو گی، اگر ایسا ہوگیا تو پاکستان کے ساتھ نیوٹرل وینیو کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔


یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ کیلئے پاکستان نے کیا تجاویز دیں؟ جانیے

بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت تمام میچز نیوٹرل وینیوز پر چاہتاہے،ایشیا کپ کی پاکستان سے باہر منتقلی قابل قبول نہیں ہوگی، ایشین کرکٹ کونسل کو جلد فیصلہ کرنا چاہیے،ہم نے ایشیا کپ کی میزبانی کاحق کھویا تو بھارت میں ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں، بھارت ایسی صورتحال نہ بنائے جس کا نتیجہ ایشیاکپ اور ورلڈکپ کے بائیکاٹ پر نکلے، ہمیں بھی پاکستان ٹیم کیلیے بھارت میں سیکیورٹی خدشات ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ پوری طرح واپس آ چکی ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ آج سنایا جائے گا

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی دونوں حکومتیں ایک دوسرے پر الزام لگا سکتی ہیں لیکن اب کسی ایک کو آگے بڑھنا اور کھیلنا ہے، 4 برسوں سے پاکستان میں مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ ہو رہی ہے، جہاں تک ہنگاموں کی بات ہے تو ایسا تو دہلی میں بھی ہواتھا تو کیا وہ شہر غیر محفوظ تھا؟اگر بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان آنے سے روکے گی تو پاکستان حکومت بھی ایسا کرے گی۔
Load Next Story