آئی سی سی کا متنازع ’سافٹ سگنل‘ کو الوداع

فیلڈ آفیشل اپنا فیصلہ تھرڈ امپائر کو ریفر کرتے ہوئے اشارہ نہیں دے گا


Sports Desk May 16, 2023
فیلڈ آفیشل اپنا فیصلہ تھرڈ امپائر کو ریفر کرتے ہوئے اشارہ نہیں دے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

متنازع 'سافٹ سگنل' کو الوداع کہنے کا فیصلہ ہوگیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سافٹ سگنل کا قانون متعارف کرایا گیا تھا جو کافی بحث اور تنقید کا باعث بنا، اب اسے لندن میں جون میں شیڈول ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں ختم کر دیا گیا ہے، آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے ساروگنگولی کی زیرسربراہی اس قانون کو ختم کرنے کی سفارش کردی تھی۔

سافٹ سگنل پر کافی اعتراضات سامنے آئے تھے، جنوبی افریقہ کے خلاف رواں برس کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین کے متنازع آؤٹ پر انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا تھا کہ آئی سی سی کو سافٹ سگنل کو ختم کرتے ہوئے ریفرل کی صورت میں فیصلہ تھرڈ امپائر پر چھوڑنا چاہیے جنھیں تمام ٹیکنالوجی دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی امپائر نے پہلے ہی اوور میں روہت کو 2 مرتبہ 'رعایت' دیدی

دلچسپ بات یہ ہے کہ خود اسٹوکس کی انگلش ٹیم کو بھی اسی طرح کے ایک متنازع فیصلے سے فائدہ پہنچا تھا، جب گزشتہ سال پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں سعود شکیل کو متنازع آؤٹ دیا گیا، اس وقت پاکستانی کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ تھرڈ امپائر کی کال ہمارے لیے مہنگی ثابت ہوئی۔

آئی سی سی قانون کے تحت امپائر فیصلہ تھرڈ امپائر کو ریفر کرتے ہوئے آؤٹ یا ناٹ آؤٹ کا سافٹ سگنل دیتا ہے جس سے اس کی رائے معلوم ہوتی ہے، اکثر تھرڈ امپائر اسی سگنل کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ؛ وکٹ کیپر نے تھرڈ امپائر کو فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کردیا

قوانین کے مطابق اگر تھرڈ امپائر کو ٹیکنالوجی کی مدد سے جائزہ لینے پر فیلڈ امپائر کا فیصلہ درست دکھائی نہیں دے تو وہ اس کو بدل دیں گے جبکہ فیلڈ آفیشل سینے پر دونوں ہاتھوں سے کراس کا نشان بنانے کے بعد نیا فیصلہ سنائیں گے، اگر ٹھوس شواہد نہیں ملے تو فیلڈ امپائر کا ابتدائی فیصلہ برقرار رکھا جائے گا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوران کم روشنی کی صورت میں فلڈ لائٹس آن کرکے کھیل مکمل کیا جائے گا، اگر موسم کی دخل اندازی ہوتی ہے تو پھر ریزرو ڈے بھی مختص ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں