سوئس جرنل ’مالیکیولز‘ نے ڈاکٹرعطا الرحمٰن کے اعزاز میں خصوصی شمارہ شائع کردیا

یہ اشاعت سائنس اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ڈاکٹر عطا الرحمٰن کی خدمات کا اعتراف ہے، ترجمان آئی سی سی بی ایس

فوٹو: فائل

سوئٹزرلینڈ کی معروف سائنسی کتب اور جرنلز کے پبلشر مولیکولر ڈائی ورسٹی پریزرویشن انٹرنیشنل نے حال ہی میں اپنے مشہور جرنل 'مالیکیولز' کا ایک خصوصی اشو پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن کے اعزاز میں شائع کیا ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر عطا الرحمٰن کے اعزاز میں یہ اشاعت دراصل سوئٹزر لینڈ کی بین الاقوامی سائنسی کمیونٹی کی جانب سے سائنس اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں پروفیسر عطا الرحمٰن کی خدمات کا اعتراف ہے، اس اشاعت میں شامل دنیا بھر کے معروف ماہرین کے آرٹیکل بین الاقوامی مرکزکے سرپرست اعلیٰ اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر عطا الرحمٰن سے منسوب کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پروفیسر عطا الرحمٰن نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، اس ضمن میں انکی 1315 سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، نامیاتی و غیر نامیاتی کیمیاء، این ایم آر اسپیکٹرواسکوپی اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوعات پر امریکا، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 367 کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 775 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں، 83 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں۔


پروفیسر عطا الرحمٰن کئی مرتبہ پاکستان اکیڈمی آف سائنسزکے صدر بھی رہے ہیں، اس کے علاوہ مسلم دنیا سمیت کئی دیگر ممالک کی اکیڈمی آف سائنسزکے صدربھی رہے ہیں، اس کے علاوہ چین اور ملائیشیاء میں پروفیسر عطا الرحمن کے نام سے متعدد تحقیقی اور تعلیمی ادارے قائم کیے جاچکے ہیں۔

پروفیسر عطا الرحمن نے نہ صرف ملکی بلکہ متعدد بین الاقوامی ایوارڈ بھی حاصل کیے ہیں، چینی صدر ژی جن پنگ نے انہیں چین کا سب سے 'اعلیٰ سائنٹیفک ایوارڈ' بھی عطا کیا ہے، انہیں فیلو آف رائل سوسائٹی (لندن) کا اعزاز بھی حاصل ہے، انہیں 'دی ورلڈ اکیڈمی آف سائنس (ٹی ڈبلیو اے ایس)' کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق پروفیسر عطا الرحمٰن کو ملنے والے ملکی و غیر ملکی اعزازت اور انعامات کی ایک طویل فہرست ہے، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے پروفیسر عطا الرحمن کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
Load Next Story