سیاسی کشمکش

جمہوریت کو اکثریت کی حکومت کہا جاتا ہے، یہ ایک فراڈ ہے

zaheer_akhter_beedri@yahoo.com

چیف جسٹس نے تحریک انصاف کے چیئرمین نے عمران خان کو رہا کرکے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ عمران خان کے لیے جیل جانا عام سی بات ہونی چاہیے تھی۔بہرحال میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان پاپولر لیڈر ہیں،گو عمران خان سے بھی ایسی غلطیاں سرزد ہوئی ہیں، جو اس سسٹم میں عام ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے سسٹم میں اشرافیہ کے لیے اربوں کی لوٹ مار ایک عام سی بات ہے، ایک مٹھی بھر اشرافیہ نے ملک کے اقتدار پر قبضہ جمایا ہوا ہے اور حالت یہ ہے کہ چند اشرافیہ خاندان پچھتر سال سے ملک پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔

عمران خان بظاہر اشرافیہ کے خلاف بغاوت کا پرچم لہرا دیا، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ کوئی انقلابی ہے بلکہ پاکستان میں اشرافیہ جس طرح ملک پر قابض ہے، اس سے عوام اس قدر تنگ آئے ہوئے تھے کہ عمران خان نے جب اشرافیہ کے خلاف نعرہ لگایا تو عوام ان کے گرد جمع ہوگئے اور وہ ملک کا سب سے مقبول لیڈر بن گیا۔


جب چیف جسٹس صاحب نے غیر معمولی طور پر عمران خان کو رہا کردیا، تو اتحادی حکومت نے چیف جسٹس کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا لیکن جو ہونا تھا، وہ ہوگیا، یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ عمران خان اسی سرمایہ دارانہ سیٹ اپ کا حصہ ہے لیکن اس کے باوجود عوام میں مقبول ہے اور یہ بات اتحادی حکومت کسی قیمت پر برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈے کا ایک طوفان اٹھائے ہوئے ہے۔

عمران خان کے خلاف ہر محاذ سے تیر برسائے جا رہے ہیں اور چیف جسٹس کے خلاف بھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ چیف جسٹس عمران خان کی کھلے عام سپورٹ کر رہے ہیں ، خدشہ یہ ہے کہ مختلف طریقوں سے دباؤ ڈال کر عمران خان کو دوبارہ جیل نہ بھیج دیا جائے کہ اگر ایسا ہوا تو عوام کے باہر نکل آنے کی پوری امید ہے۔ یہ موقعہ ایسا ہے کہ عوام وکلا برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ چیف جسٹس کی بھرپور حمایت کریں۔

جمہوریت کو اکثریت کی حکومت کہا جاتا ہے، یہ ایک فراڈ ہے، اصل میں آزادی کے بعد برسر اقتدار آنے والی تقریباً تمام جماعتوں کا تعلق کرپٹ اشرافیہ سے ہے۔ جمہوریت کو عوام کی حکومت کہا جاتا ہے لیکن آزادی کے بعد سے مسلسل اشرافیہ برسر اقتدار ہے اور جو چاہتی ہے وہی کرتی ہے۔

اس کے راستے میں آنے کی کسی کو ہمت نہیں۔ موقعہ پرست مڈل کلاس اشرافیہ کی سب سے بڑی طاقت ہے، یہاں دو باتوں کا ذکر ضروری ہے، ایک یہ غریب عوام مزدور اور کسانوں کو آگے لایا جائے اور انھیں اسمبلیوں میں پہنچانے کا راستہ نکالا جائے جب کہ اس وقت حکومت پورا زور لگا رہی ہے کہ عمران خان کو دوبارہ جیل بھیجا جائے۔
Load Next Story