کراچی میں بیٹے کے قتل کے 6 روز بعد باپ بھی فائرنگ سے جاں بحق

60 سالہ صفدر حسین امام بارگاہ کا ٹرسٹی تھا جسے 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نےنشانہ بنایا، پولیس


Staff Reporter May 17, 2023
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت پر پیش آیا تاہم تحقیقات کررہے ہیں، ایس ایس پی کورنگی ( فوٹو: فائل )

کورنگی نمبر 4 میں امام بارگاہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، 6 روز قبل مقتول کے بیٹے کو بھی اسی علاقے میں فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او عوامی کالونی جمال لغاری نے بتایا کہ مدد گار 15 پولیس کو اطلاع ملی تھی کورنگی 4 نمبر کلو چوک صغرا امام بارگاہ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ہے جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی شخص کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال روانہ کیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

مقتول کی شناخت 60 سالہ صفدر حسین کے نام سے کی گئی جو امام بارگاہ کا ٹرسٹی بتایا جاتا ہے جسے جسم پر 4 گولیاں لگی تھیں جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے کی تھی۔

جمال لغاری نے بتایا کہ کورنگی 4 نمبر کلو چوک پر ہی مقتول کے بیٹے اظہر حسین کو 6 روز قبل 10 مئی کی شب فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تھا جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا تھا اور اس واقعے میں زمان ٹاؤن پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا جس میں سے ایک ڈاکو شاہد ہلاک جبکہ اس کے ساتھی جاوید کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ 6 روز میں بیٹے کے بعد والد کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنانے کا واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے ۔

6 روز کے دوران فائرنگ کے واقعات میں بیٹے کے بعد والد کو نشانہ بنانے کے خلاف علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا اور اس موقع پر علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار اور فوری طور پر واردات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

دریں اثنا ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفدر شاہ کو کورنگی چار نمبر پر مسلح ملزمان نے قتل کیا ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت پر پیش آیا ، مقتول کے بیٹے اظہر حسین کو بھی 6 روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا ، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں