کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری قتل

رواں سال شہر میں ڈکیتی مزاحمت پر 53 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں


Staff Reporter May 17, 2023
فوٹو: فائل

سائٹ سپر ہائی وے احسن آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان نے سائٹ سپر ہائی وے تھانے کے حدود احسن آباد مشرق سوسائٹی میں شہری سے لوٹ مار کی۔

شہری عبدالباسط کی جانب سے مزاحمت کرنے پر اسٹریٹ کرمنلز نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہری شدید زخمی ہوگیا۔زخمی شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دوسری جانب کورنگی میں امام بارگاہ کے ٹرسٹی صفدر حسین کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، چھ روز پہلے مقتول کے بیٹے اظہر حسین کو بھی اسی علاقے میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

گزشتہ روز کورنگی چار نمبر کلو چوک صغرا امام بارگاہ کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر چار ملزمان نے شہریوں سے لوٹ مار شروع کر دی، اسی دوران شہریوں نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی 60 سالہ صفدر حسین جناح اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جاں بحق ہوگیا جسے جسم پر 4 گولیاں لگی تھیں، مقتول امام بارگاہ کا ٹرسٹی تھا۔ مقتول کے بیٹے اظہر حسین کو بھی چھ روز پہلے اسی علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیجز سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال شہر میں ڈکیتی مزاحمت پر 53 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں