مومل شیخ کیساتھ سیلفی کیلئے سلمان خان کو کتنا انتظار کرنا پڑا
جاوید شیخ نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کیساتھ مومل شیخ کی ملاقات کا احوال مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار جاوید شیخ نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ مومل شیخ کی ملاقات کا احوال مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔
حافظ احمد کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں جاوید شیخ نے بتایا کہ وہ لندن میں ایک ایوارڈ شو کیلئے گئے تھے جہاں میری بیٹی مومل شیخ نے مجھ سے کہا کہ پاپا میں نے سنا ہے سلمان خان بھی لندن میں ہیں آپ ہمیں ان سے ملوانے کیلئے فون کریں جس پر میں نے صاف انکار کردیا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میں ایسا ہر گز نہیں کروں گا کیونکہ یہ چیز مجھے پسند نہیں ہے۔
جاوید یشخ نے بتایا کہ اتفاق سے دو دن بعد ایک مال میں میری سلمان خان سے ملاقات ہوئی جہاں سلام دعا کے بعد ہم بات کررہے تھے کہ مجھے مومل کی بات یاد آگئی تو میں نے سلمان سے کہا کہ آپ کب تک ہیں یہاں پر؟ جس پر سلمان نے پوچھا کیوں؟ جس پر میں نے اُسے بتایا کہ میری بیٹی اور اسکی دوست آپ کیساتھ تصویر کھنچوانا چاہتے ہیں۔
جس پر سلمان خان نے کہا کہاں ہیں؟ میں نے کہا وہ باہر ہیں اسی لیے آپ سے پوچھ رہا ہوں کب تک ہیں؟ جس پر سلمان خان نے کہا کہ وقت کے بارے میں بھول جائیں آپ انہیں یہاں بلالیں، جس کے بعد مومل کے آنے تک سلمان خان ٹائم پاس کیلئے وہیں مال میں ایک دکان سے دوسری دکان میں گھومتے رہے حالانکہ وہ اپنی خریداری مکمل کرچکے تھے۔
جاوید شیخ نے کہا، "میں نے مومل کو فون کیا اور کہا کہ تم جو چاہتی تھی وہ ہو گیا ہے اور سلمان میرے ساتھ ہے، تم جہاں بھی ہو، آؤ، وہ بہت خوش تھی۔
جاوید شیخ نے کہا اُن تمام ہندوستانی ستاروں جن کے ساتھ میں نے کام کیا ہے، چاہے وہ شاہد کپور ہوں، اکشے کمار ہوں یا شاہ رخ خان سب نے مجھے بہت زیادہ عزت دی ہے۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ ایک بار ہمارا دبئی میں ایک میچ تھا، ہندوستانی اداکار ایک ٹیم کے خلاف کھیل رہے تھے اور میرے کچھ پاکستانی دوست مجھے ساتھ لے گئے، سلمان وہاں پہنچا، لوگوں کا ہجوم تھا، اس نے دور سے میری طرف دیکھا، تو میں نے سلام کہا، وہ ان سب لوگوں کو چھوڑ کر میرے پاس آیا اور میرا استقبال کیا، اور مجھ سے پوچھا کہ کیسے ہیں؟ یہ اس کا بڑا پن تھا جو مجھے پسند آیا۔