رہائی کے فوراً بعد ملیکہ بخاری اورعلی محمد خان دوبارہ گرفتار

رہنما پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل کے باہر سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا، ترجمان پی ٹی آئی


ویب ڈیسک May 17, 2023
—فائل فوٹو

رہنما تحریک انصاف بیرسٹر ملیکہ بخاری کو اڈیالہ جیل اور علی محمد خان کو جہلم ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔


تفصیلات کے مطابق علی محمد خان کو پنجاب پولیس نے گرفتار کیا اور انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج دوپہر علی محمد خان اور ملیکہ بخاری کو فوراً رہا کرنے کے احکامات دیے تھے۔

دوسری جانب بیرسٹر ملیکہ بخاری کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ بیرسٹر ملیکہ بخاری کو لاہور پولیس نے گرفتار کیا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی تھی۔

عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کردیے تھے۔ علاوہ ازیں ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی، مسرت چیمہ ، اسد عمر، سیف اللہ نیازی اور اعجاز چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواستوں پر 18 اور 19 مئی کو دلائل طلب کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو گرفتاری سے متعلق ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں