کراچی انٹر کے امتحانات میں او ایم آر شیٹ کی اسسمنٹ اساتذہ کریں گے

اساتذہ او ایم آر شیٹ پر ایم سی کیوز کی اسسمنٹ اسٹینسلز( stencils )کی مدد سے انجام دیں گے


Safdar Rizvi May 18, 2023
گزشتہ برس او ایم آر شیٹ مشینوں سے اسکین کرنےکی وجہ سے انٹر کے نتائج میں تاخیر ہوگئی تھی (فوٹو: فائل)

اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں او ایم آر( optical mark recognition ) شیٹ پر ایم سی کیوز کی اسسمنٹ کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے اور او ایم آر شیٹ کی اسسمنٹ مشین کے بجائے اساتذہ سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اساتذہ یا ممتحن او ایم آر شیٹ پر ایم سی کیوز کی اسسمنٹ اسٹینسلز( stencils )کی مدد سے انجام دیں گے۔

"ایکسپریس" کو انٹر بورڈ کراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ فیصلہ گزشتہ برس کے تجربات اور نتائج کے جلد اجرا کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انٹر بورڈ کراچی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال مئی کے آخر سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات میں MCQs گزشتہ برس کے طرز پر او ایم آر شیٹ پر ہی حل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس کے لیے امتحانی مراکز میں او ایم آر شیٹ علیحدہ سے طلبا کو فراہم نہیں کی جائے گی بلکہ یہ او ایم آر شیٹ طلبا کو دی جانے والی جوابی کاپی سے ہی منسلک ہوگی، اور جوابی کاپی کے ہمراہ ہی ممتحن کو بھیج دی جائے گی۔

ذرائع نے او ایم آر شیٹ پر ایم سی کیوز کی اسسمںٹ کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ شیٹ کی جانچ کے لیے ممتحن کو answer key دی جائے گی اور ساتھ ہی اسٹینسل دیے جائیں گے، ممتحن اسٹینسلز کو او ایم آر شیٹ پر رکھ کر درست جواب کے دائرے کی تصدیق کرسکیں گے۔

بورڈ ذرائع کا کہنا تھا کہ چونکہ گزشتہ برس او ایم آر شیٹ پر طلبا نے رول نمبرز کا درست اندراج نہیں کیا تھا اور ایک ہی لائن کے دائروں میں ہندسوں ( digit )پر ٹک لگادی تھی جس کے سبب مشین ان رول نمبر کو ریڈ کرنے سے قاصر تھی لہٰذا شیٹ کو کاپی کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور طالب علم اب شیٹ کے بجائے کاپی پر ہی اپنا رول نمبر روایتی انداز میں تحریر کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس او ایم آر شیٹ پر ایم سی کیوز مشینوں سے اسکین کرنے کے سبب پیش آنے والے مسائل کی وجہ سے انٹر کے نتائج میں انتہائی تاخیر ہوگئی تھی جس کے پیش نظر مذکورہ حل تلاش کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں