فوٹوگرافرز کا ہیری اورمیگھن کا 2 گھنٹے مسلسل تعاقب خوفناک حادثے سے بچ گئے

شہزادہ ہیری کی والدہ ڈیانا بھی فوٹوگرافرز کی جانب تعاقب کے دوران حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوگئی تھیں


ویب ڈیسک May 18, 2023
شہزادہ ہیری فوٹوگرافرز کو ’کتوں کا جھنڈ‘ قرار دے چکے ہیں:فوٹو:فائل

برطانیہ کے شہزادہ ہیری اوران کی اہلیہ میگھن مار کل فوٹوگرافرز کے مسلسل تعاقب کے باعث خوفناک حادثے سے بچ گئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور ساس کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے بعد روانہ ہوگئے تو فوٹوگرافرز نے ان کا تعاقب شروع کردیا۔ شہزادہ ہیری کا تعاقب مسلسل 2 گھنٹے جاری رہا اور اس دوران وہ متعدد بار خطرناک حادثے سے بچے۔

شہزادہ ہیری کے ترجمان کے مطابق 6 انتہائی تیز رفتار گاڑیوں نے شہزادے کی گاڑی کا تعاقب کیا۔ ان کی گاڑی روکنے کی بھی کوشش کی گئی اور تصاویر بھی بنائی گئیں۔ شہزادہ ہیری کی گاڑی کا پیچھا کرنے والی گاڑیوں نے ٹریفک سنگل کی خلاف ورزی بھی کی اور فٹ پاتھ پر بھی گاڑی چلائی۔

دوسری جانب فوٹوگرافرز نے بیان میں کہا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل جیسی مشہور شخصیات کی تصاویر لینا ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے۔ انہیں نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا ہمارے پاس صرف کیمرے تھے۔

شہزادہ ہیری کی والدہ شہزادی ڈیانا 1997 میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فوٹوگرافرز کے تعاقب کے دوران کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں ۔

اپنی والدہ شہزادی ڈیانا سے متعلق ایک انٹرویو میں شہزادہ ہیرنے فوٹوگرافرز کو ' کتوں کا جھنڈ' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میری والدہ جب گھر سے باہر جاتی تھیں تو کتوں کا جھنڈ ان کا تعاقب کرتا تھا، انہیں ہراساں کرتا، جملے کستا اور تھوکتا تھا تاکہ وہ کوئی رد عمل دیں اور وہ تصاویر بنا سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں