کراچی کی گنتی پوری چاہیے مردم شماری میں توسیع نہ کی تو احتجاج ہوگا حافظ نعیم

کراچی میں ساڑھے تین کروڑ لوگ ہیں، جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر حق کے لیے لڑے گی، پریس کانفرنس

(فوٹو فائل)

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کی گنتی پوری چاہیے، اس کے لیے اگر مردم شماری کی تاریخ میں توسیع نہ کی گئی تو پھرا حتجاج ہوگا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ساتویں مردم شماری کے بارے میں کہا گیا کہ یہ انقلابی اقدام ہے جب کہ اس ڈیجیٹل مردم شماری میں بھی وہی ہوا جو پہلے کی مردم شماری میں ہوا تھا ۔ اس پورے عرصے میں کسی شہری کو اختیار نہیں تھا کہ خود پتا کرسکے کہ اسے گنا گیا ہے یا نہیں؟۔کونسی قوت تھی جو یہ ڈیٹا دیکھ رہی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بٹھا کر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔ کراچی کی آبادی ایک کروڑ 89 لاکھ افراد گنے گئے ہیں۔ اس ناانصافی میں حکومت، پی بی ایس اور حکومت میں شامل تمام جماعتیں شامل ہیں ۔ کراچی ہی کے پیسوں سے کراچی ہی کو نہیں گنا جا رہا ہے۔ مردم شماری کراچی کے وسائل پر ڈاکا ہے، کراچی کا حق چھینا جا رہا ہے۔ کراچی میں ساڑھے 3 کروڑ لوگ ہیں، انہیں پورا گنا جائے۔


امیر جماعت کا کہنا تھا کہ 15 دن کی توسیع میں صرف 10 لاکھ لوگوں کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک افسر روزانہ صرف ایک گھر کی شماری کر رہا تھا ۔ پہلے بھی یہ لوگ ایم کیو ایم کے ذریعے کراچی کو فروخت کیا کرتے تھے۔ کراچی کے بہت سے علاقوں میں م ش نمبر ہی نہیں ڈالا گیا۔ کراچی میں رہنے والے فوجی اور رینجرز افسران کو بھی گنا جائے گا۔ اگر حکومت اور اس کے ساتھ ملی جماعتیں مردم شماری پوری نہیں کریں گی تو ہم احتجاج پر بھی جائیں گے۔ یہاں تمام زبانیں بولنے والوں کو گنا جائے، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جو 6 ماہ سے کراچی میں ہے اسے بھی گنا جائے گا۔ ہمیں گنتی پوری کروانی ہے۔ اگر حکومت نے مردم شماری پوری کرنے کے لیے تاریخ میں توسیع نہ کی تو احتجاج ہوگا ۔ جماعت اس مسئلے کے لیے کراچی کے عوام کے ساتھ ہے۔ تمام سندھیوں، بلوچوں،پختونوں، پنجابیوں سمیت جو بھی کراچی میں رہتے ہیں انہیں گنا جائے۔

بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کھل کر ایکسپوز ہوگیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر دھاندلی کی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر صاحب آپ کو ہمارے ٹیکسوں کے ذریعے تنخواہ ملتی ہے۔ ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور لڑیں گے۔ ہمارے واضح فارم الیون موجود ہیں۔ اگر آپ نتیجے تبدیل کریں گے تو آپ سے پیار سے بات نہیں کریں گے۔ جمہوریت کا صبح دوپہر شام قتل کیا جا رہا ہے۔
Load Next Story