پاک بھارت ٹیسٹ سیریز بی سی سی آئی نے صاف انکار کردیا

پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی کرکٹ مصروفیات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے، بھارتی بورڈ

پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی کرکٹ مصروفیات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے، بھارتی بورڈ (فوٹو: ایکسپریس ویب)

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر دو پاک بھارت دوطرفہ سیریز کے منصوبے کی تردید کردی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پاک بھارت دوطرفہ سیریز کے حوالے سے مستقبل قریب میں کوئی منصوبہ نہیں، ہم پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی کرکٹ مصروفیات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سال 2007 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی جبکہ 2013 میں دونوں ٹیموں نے آخری بار باہمی ون ڈے سیریز کھیلی تھی جس میں گرین شرٹس نے ہندوستان کو ہوم گراؤنڈ پر 1-2 سے ہرایا تھا۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت ٹیسٹ سیریز؛ نجم سیٹھی نے آسٹریلیا، انگلینڈ کو گرین سگنل دیدیا


گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاک بھارت ٹیسٹ میچز کی میزبانی آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ میں ہوسکتی ہے تاہم انگلینڈ اور آسٹریلیا میں فل کراؤڈ کے آنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: ''ایشیاکپ؛ ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں! پاکستان میں سیکیورٹی مسائل ہیں''

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایشیاکپ کیلیے بھارت کو ہائبرڈ ماڈل دے چکے ہیں، اب ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی کو بچانے کے لیے آئی سی سی کو آگے آنا ہوگا، آئی سی سی کو بھارت کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر بھارت پاکستان آکر نہیں کھیلنا چاہتا تو ہائبرڈ ماڈل اپنانا ہوگا کیونکہ ہمارے لیے بھی بھارت میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں اور ورلڈکپ 2023 کیلئے حکومت بھارت جانے کی اجازت نہیں دے گی۔

قبل ازیں گزشتہ سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران 90 ہزار سے زائد تماشائیوں نے لائیو میچ دیکھا تھا۔
Load Next Story