سونے کی عالمی اور مقامی قیمتوں میں کمی
فی تولہ سونے کی قیمت 500 روپے اور 10 گرام سونے کے نرخ 428 روپے کم ہوگئے
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی سطح پر بھی نرخ گرگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 12 ڈالر کی کمی سے 1976 ڈالر کی سطح پہنچ گئی۔
اس کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے جہاں فی تولہ اور10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 500 روپے اور 428روپے کی کمی واقع ہوئی۔
اس کمی کے نتیجے میں ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 233600روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوکر 200274روپے ہوگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 50روپے گھٹ کر 2900روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت کم ہو کر 2486.28روپے کی سطح پر آگئی۔