بغیر ہیلمٹ ’بائیک رائیڈ‘ کے تنازعہ پر امیتابھ بچن کی وضاحت سامنے آگئی
اداکار نے ایک فوٹو شیئر کیا تھا جس میں وہ ایک بائیک سوار سے لفٹ لے کر اپنی شوٹنگ لوکیشن پر پہنچ رہے ہیں
بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو بائیک رائیڈ کا فوٹو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا میں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا جس پر ان کی وضاحت سامنے آگئی ہے۔
اداکار نے چند دن قبل ایک فوٹو شیئر کیا تھا جس میں وہ ایک بائیک سوار سے لفٹ لے کر اپنی شوٹنگ لوکیشن پر پہنچ رہے ہیں۔
فوٹو وائرل ہوتے ہی جہاں سوشل میڈیا صارفین نے بگ بی کی تعریف کی وہیں کچھ لوگوں نے بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر ممبئی پولیس کو توجہ دلائی اور اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ممبئی پولیس نے اپنے جواب میں کہا کہ اس واقعہ کے متعلق ٹریفک برانچ کو بتادیا تھا اور یہ تنازعہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کو بھی بغیر ہیلمٹ بائیک چلاتے دیکھا گیا۔
اب امیتابھ بچن نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جس روڈ پر بائیک چلائی جارہی تھی وہ شوٹنگ کی لوکیشن کا حصہ تھی اور یہ اتوار کا دن تھا، شوٹنگ کیلئے باضابطہ اجازت لی گئی تھی۔
لیجنڈری اداکار نے ایک غلط پیغام عام ہونے پر لوگوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی ٹریفک قانون نہیں توڑا ہے۔