ایف آئی اے کے نوٹس کا واحد مقصد مجھے کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنا ہے مونس الہیٰ
یہ رقم متعلقہ سال کے ٹیکس ریٹرن میں پہلے ہی ظاہر کرچکا ہوں، رہنما پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ ایف آئی اے نوٹس کا واحد مقصد مجھے طلب کر کے کسی بھی کیس میں گرفتار کرنا ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما مونس الہیٰ نے ایف آئی اے کے نوٹس کی طلبی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج میڈیا اور سوشل میڈیا سے پتہ چلا کہ ایف آئی اے نے میری طلبی کا نوٹس نکالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے والے کسی اور کیس کی تفتیش میں یہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ 8 ٹرانزیکشنز جن کی کل رقم تقریباً سوا 5 کروڑ بنتی ہے، یہ 8 ڈائریکٹ ڈپازٹ میرے اکاؤنٹ میں ہوئے اور کسی اور کے اکاؤنٹ سے میرے اکاؤنٹ میں نہیں آئے۔
مونس الہیٰ نے کہا کہ یہ رقم متعلقہ سال کے ٹیکس ریٹرن میں پہلے ہی ظاہر کرچکا ہوں، اگر ایف آئی اے کو اتنی توفیق ہوتی تو متعلقہ سالوں کے ٹیکس ریٹرن اٹھا کر دیکھ لیتے اور یہ نوٹس نکالنے کی نوبت نہیں آیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نوٹس نکالنے کا اصل مقصد یہ ہے کہ مجھے وہاں بلا کر کسی اور کیس میں گرفتار کیا جائے۔