میٹرک بورڈ کراچی کے امتحانات میں انتظامیہ نقل روکنے میں ناکام
بورڈ انتظامیہ کا نقل کی روک تھام کیلیے اقدامات اور 129 کیسز پکڑنے کا دعویٰ
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے امتحانات میں انتظامیہ نقل روکنے میں ناکام ہے جس کی وجہ سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں کھلے عام نقل کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب بورڈ انتظامیہ نے 129 کیسز پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی لیبر اسکوائر اور بن قاسم کے نجی اسکولوں میں دھڑلے سے طلبا نقل کرتے رہے۔ا نعم اقراء سیکنڈری اسکول میں امتحانات کے دوران طلبہ سیل فون سے نقل کر کے پرچہ حل کیا جبکہ دہم جماعت کے انگریزی کے پرچے میں طلبا نے بے خوف ہو کر نقل کی۔
سدرہ سیکنڈری اسکول اور ایف شاہ سیکنڈری اسکول لانڈھی میں بھی دھڑلے سے نقل ہوئی۔ 786 چلڈرن اکیڈمی سیکنڈری اسکول ہاکس بے روڈ ویجلینس ٹیم نے 3 امیدواروں سے موبائل فون اور نقل کا مواد پکڑا جبکہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری کے ٹی ایس نمبر 6 کورنگی سے ویجلینس ٹیم نے 8 امیدوار، دی اکنالج اکیڈمی کورنگی سے ویجلینس ٹیم نے 7 امیدوار، دی سٹی گرامر اسکمول اورنگی ٹاؤن سے ویجلینس ٹیم نے 1امیدوار، نونہال سیکنڈری اسکول سائٹ ٹاؤن سے ویجلینس ٹیم نے 1امیدوار، عزیز ملت ہائی اسکول اورنگی ٹاؤ ن سے ٹیم نے 3کیسز، آئیڈیل اکیڈمی سیکنڈری اسکول سے ویجلینس ٹیم نے 10امیدوار، ایکوا ایجوکیشنل اکیڈمی سیکنڈری اسکول گلستان جوہر سے ویجلینس ٹیم نے 22امیدوار، نیشنل گرامر اسکول شادمان ٹاؤن ملیر سے ویجلینس ٹیم نے 54 امیدوار، شہیدان وطن میموریل سیکنڈری اسکول اورنگی سے ویجیلنس ٹیم نے 7 امیدوار، غزالہ سیکنڈری اسکول اورنگی ٹاؤن سے ویجلینس ٹیم نے 3امیدوار کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔
اسی طرح شام کی شفٹ میں نہم و دہم جماعت جنرل گروپ میں اسلامیات (لازمی) کے پرچہ کے دوران ویجلینس ٹیم نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول اورنگی ٹاؤن سے 8 امیدوار، مفاد نسواں سیکنڈری اسکول شاہ فیصل سے ویجلینس ٹیم نے 2امیدواروں نقل کرتے ہوئے پکڑا۔
دوسری جانب ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کے روز دہم جماعت سائنس گروپ کے پرچہ کے دوران مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے صبح اور شام کی شفٹ میں موبائل فون اور نقل میں ملوث 129 امیدواروں کی رپورٹ بورڈ کے شکایتی سیل میں درج کیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ پکڑے جانے والے امتحانی مراکز کو کیا سزا دی جائے گی، ہم صبح شام دونوں شفٹ میں امتحانی مراکز کے دورے کر رہے ہیں اور نقل کی روک تھام کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ امتحانات کے اختتام کے بعد پورے امتحانی عمل کا جائزہ لیا جائے گا،تمام ویجلینس ٹیموں اور بورڈ کی ٹیموں کی جائزہ رپورٹ ہی کی روشنی میں آئندہ کے امتحانی مراکز کی کارکردگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دوران امتحانات سیل فون کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔